• news

ادارے تاثر زائل کریں قوم کیساتھ کھڑے ہیںیا کسی حکومت، پارٹی کے نہیں‘ سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ اداروں کو سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ قوم کے ساتھ کھڑے ہیں یا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ۔ کے پی کے میں بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے۔ مریض ہسپتالوں میں در بدر پھر رہے ہیں کوئی پرسان حال نہیں ۔ پشاور ماحولیاتی آلودگی ، گندے پانی اور ٹریفک کے بدترین مسائل کا گڑھ بن گیاہے ۔ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں ہوئی۔ پولیو ورکرز اور ان کی سیکورٹی کے لیے تعینات اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پشاو ر میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کی میٹنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع پشاور عتیق الرحمن نے سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ، صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور نائب امیر کے پی کے مولانا محمد اسماعیل نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی سیکورٹی اداروں کو سیاست میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اداروں کو اس عمومی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ قوم ، ریاست کی بجائے کسی پارٹی یا حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ اسی طرح سیاستدانوں کو بھی بلاوجہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کرنا چاہیے۔  انہوں نے کہاکہ حکومت کو جان لینا چاہیے کہ وعدوں اور نعروں سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ فاٹا کے kpk سے الحاق کے وقت عوام سے کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے ۔ سی پیک روٹ پر صنعتی یونٹ قائم کرنے کے دعوئوں کی تکمیل نہیں ہوئی۔ سینیٹر سراج الحق نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری احمد جمیل راشد کے والد چوہدری طفیل غنی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے دعائے مغفرت اور پسماندگان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاہے ۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امراء لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،راشد نسیم ،پروفیسر محمد ابراہیم ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،میاں محمد اسلم ،اسد اللہ بھٹو ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ،محمد اصغر ، حافظ ساجد انور ،سید وقاص انجم جعفری ، سید بختیار معانی ،مرکز ی رہنماحافظ محمد ادریس ، شیخ القرآن مولانا عبد المالک ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے بھی چوہدری طفیل غنی کی وفات پر افسوس کا اظہار ، مرحوم کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن