فضل الرحمن کی کرپشن کے ثبوت عدالت لے جا رہے ہیں:علی امین ،مراد سعید
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور اور مراد سعید نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ڈی ایم مدارس کے بچوں کو ڈاکوئوں اور چوروں کی کرپشن چھپانے کیلئے استعمال کر رہی ہے والدین اپنے بچوں کو ان کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے دیں، مولانا فضل الرحمن کی کرپشن کے خلاف ثبوت عدالت میں لے کر جا رہے ہیں،۔ مولانافضل الرحمن سے شیعہ سنی فسادات کرانے کیلئے فنڈنگ حاصل کرنے سمیت چار سوالات کئے تھے لیکن انہوں نے اس کے جواب نہیں دیئے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن پہلے روز سے ہی این آر او کیلئے کوشاں ہے، اگر ان کے دامن صاف ہیں تو یہ نیب کے سامنے پیش کیوں نہیں ہوتے، اب ان کے فرنٹ مینوں کے بھی فرنٹ مین نکل رہے ہیں۔ بہت جلد ان سے جائیداد خریدنے والے سرمایہ کار اور گواہ بھی سامنے آئیں گے اور وہ انہیں بے نقاب کریں گے۔ پی ڈی ایم کے جلسوں میں مدارس کے بچوں کو لایا جا رہا ہے، والدین اپنے بچوں کو ان چوروں اور ڈاکوئوں کیلئے استعمال ہونے سے بچائیں۔ نیب نے مولانا فضل الرحمن کو جو سوالنامہ پیش کیا ہے وہ اس کا جواب دیں، دھمکیوں سے اب کام نہیں چلے گا، انہیں جواب تو دینا پڑے گا۔ وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑا اور ناموس رسالت کیلئے آواز بلند کی، عمران خان پر تنقید اور یہودی لابی کا راگ الاپنے والے مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے خواہاں تھے، مفتی محمود کے چاہنے والے بھی یہ سن کر شرمندہ ہوں گے کہ نواز شریف کے دور میں جمعیت علمااسلام (ف) کے رہنما مولانا اجمل قادری بھی اس وفد میں شامل تھے جو اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا چاہتے تھے اور اس کا اعتراف اجمل قادری خود کر چکے ہیںکشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے جو جائیدادیں ان کی سامنے آئی ہیں اس کے علاوہ انہوں نے حج اور مذہب کے نام پر بھی کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور عبداللہ اور ابرار شاہ کے نام پر چار کمپنیاں بناتے ہوئے انہیں حج کا کوٹہ دلایا، مولانا فضل الرحمن کو اپنی اور اپنے فرنٹ مینوں اور ان کے فرنٹ مینوں کی جائیدادوں کا جواب دینا ہو گا۔علی امین گنڈاپورنے کہا کہ تین چار ہفتوں سے فضل الرحمن کی جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں اور ان کے فرنٹ مین بھی اسی طرح بے نقاب ہو رہے ہیں جس طرح آصف علی زرداری اور نواز شریف کے فرنٹ مین بے نقاب ہوئے ہیں۔