• news

کرونا : مزید 55جاں بحق، نیا وائرس 50ملکوں تک پھیل گیا

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+نوائے وقت رپورٹ) کرونا وائرس سے پاکستان میں بھی کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ کرونا  کے مزید 2 ہزار 123 کیسز سامنے آئے جبکہ 55 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اموات کی تعداد 10 ہزار 772 تک پہنچ گئی، 2 ہزار 973 لوگ شفایاب ہوگئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 8 ہزار 824 ہوگئی، اب تک91 فیصد، 4 لاکھ 64 ہزار 950 مریض صحتیاب ہوگئے، ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار102 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 64 کیسز، مجموعی تعداد 2 لاکھ 28 ہزار 949 تک پہنچ گئی۔ مزید 22 مریضوں کا انتقال، اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 730 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں 509 نئے کیسز، متاثرین ایک لاکھ 46 ہزار 525 ہوگئے۔ مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے، مجموعی تعداد 4 ہزار 323 ہوگئے۔ خیبر پی کے میں مزید 370 افراد متاثر، مجموعی متاثرین 62 ہزار 18 ہوگئی۔ مزید 5 کا انتقال، تعداد 1748 پر جا پہنچی۔  بلوچستان میں 38 کیسز رپورٹ، مجموعی کیسز 18 ہزار 467 ہوگئے۔ اموات 188پر برقرار رہیں۔ اسلام آباد میں مزید 122 کیسز، متاثرہ 39 ہزار 462 تک پہنچ گئے۔ مزید 4 جاں بحق، اموات 447 تک پہنچ گئیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 20 افراد متاثر، تعداد 8 ہزار 521 ہوگئے۔ اموات 235 پر برقرار ہیں۔ گلگت بلتستان میں کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، متاثرین 4 ہزار 882 جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔ اس وقت ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کا تناسب 5.38 فیصد ہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ملک میں مثبت کیسز کا تناسب 5.38 فیصد ہے سب سے زیادہ کرونا کیسز کا مثبت تناسب کراچی میں 14.56 فیصد ملک بھر میں 2 ہزار 336 کرونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں  کے دوران کرونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی کانگریس کی رکن پرامیلا جیاپال نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا ہے۔ کانگریس کی ایک اور ڈیموکریٹ رکن بونی واٹسن کولمین بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ دنیا کے متعدد ملکوں میں مہلک کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسینیشن مہم جاری ہے۔ دنیا بھر میں اب تک2 کروڑ 85 لاکھ سے زائد افراد کو کرونا سے بچائو کی ویکسین لگائی گئی ہے۔  امریکہ میں اب تک 93 لاکھ 27 ہزار، برطانیہ میں 28 لاکھ 43 ہزار، سپین میں 4 لاکھ 88 ہزار، اٹلی میں 7 لاکھ 91 ہزار، جرمنی میں 6 لاکھ 88 ہزار، ڈنمارک میں ایک لاکھ 17 ہزاراور فرانس میں ایک لاکھ 89 ہزارافراد کو کرونا سے بچانے کے لیے ویکسین لگادی گئی ہے۔ ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس ویکسین  ضرورت مند لوگوں تک پہنچنے سے پہلے اب ویکسین کی لاکھوں خوراکیں ختم ہوسکتی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں 25 لاکھ سے زائد خوراکیں تقسیم کرنے کے باوجود نرسنگ ہومز اور نگہداشت کے مراکز میں صرف 365294 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔  ایک ہفتہ قبل نیویارک شہر میں صرف ایک لاکھ10ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی جو شہر کو ملنے والی ویکسین کی کل تعداد کا ایک چوتھائی حصہ تھا۔  متحدہ عرب امارات میں ویکسین کا عمل 10 لاکھ سے تجاوز کر گیا۔ اسلامی ملک انڈونیشیا میں کرونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین کے استعمال کا شروع کردیا گیا۔ 27 کروڑ سے زائد کی آبادی والے اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک انڈونیشیا میں 13 جنوری سے صدر جوکو ودود کو ویکسین لگانے سے مہم کا آغاز کردیا گیا۔ صدر جوکو ودود سمیت پہلے ہی دن اعلیٰ فوجی و دیگر سکیورٹی عہدیداروں، محکمہ صحت کے افسران اور حکومتی عہدیداروں کو بھی ویکسین لگائی گئی۔ ویکسینیشن کے پہلے ہی دن انڈونیشیا کی علما کونسل کے سیکرٹری کو بھی ویکسین لگائی گئی۔ برطانیہ میں کرونا سے مزید ایک ہزار 564 افراد ہلاک ہو گئے ۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سامنے آنے والا کرونا وائرس ویریئنٹ اب 50 ممالک تک پھیل چکا ہے جبکہ جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہونے والا وائرس 20 ممالک میں پہنچ چکا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جاپان میں وائرس کی تیسری قسم سے مدافعتی نظام پر اثرانداز ہوسکتی ہے اور اس کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ایس اے آر ایس-سی او وی-2 وائرس جتنا پھیلتا ہے اتنا ہی اس کے تبدیل ہونے کے خدشات ہیں، ہمیں مزید کیسز کے خدشات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن