حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا‘ مزید وقت نہیں دے سکتے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ انھیں اب مزید وقت نہیں دے سکتے۔ ان کا تعاقب جاری رہے گا۔ احتساب کا وقت آ گیا ہے۔ نااہل حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ وزیراعظم کا ہر بیان اپنی ناکامی کا اعتراف ہے۔ پی ٹی آئی نے عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ دیکھتے ہیں کہ حکومت اسامہ ستی کے قاتلوں کو کس طرح کٹہرے میں کھڑا کرتی ہے۔ یہ کیس پولیس گردی کی ایک اور مثال ہے۔ جو گولیاں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہونی چاہییں وہ ہمارے بچوں پر چلائی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پولیس کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے نوجوان کی شہادت پر شدید دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی اور خاندان کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اسامہ کے لیے انصاف حاصل کرنے کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت خود اعتراف کرتی ہے کہ انھیں تیاری کے بغیر اقتدار مل گیا۔ گزشتہ ڈھائی برس میں نااہل حکمرانوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا۔ مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ بے روزگاری نے گھر گھر ڈیرے جما لیے ہیں۔ وزیراعظم خود اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے پھرتے ہیں، اگر وہ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی ٹیم کی کارکردگی درست نہیں تو کپتان کو ہی جواب دینا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔ جماعت اسلامی اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھے گی۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ چین کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھرپور آواز اٹھا رہا ہے۔ سی پیک کی کامیابی کیلئے خطے میں امن ضروری ہے۔