لاہور:متعدد وارداتیں،شہری لاکھوں کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیا سے محروم
لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور میں متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور قیمتی اشیا سے محروم کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکو حسین احمد کے گھرسے 6لاکھ 80ہزار مالیت کی نقدی، زیورات و دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔ نشتر کالونی کے علاقے میں مسلح ڈاکو ابراہیم کے گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر 4لاکھ 30ہزار روپے کی نقدی،پرائز بانڈ اور طلائی زیورات لوٹ کر لئے گئے۔ ہربنس پورہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو فرقان اور فیملی سے 4لاکھ 45ہزار کی نقدی و زیورات، گلشن راوی کے علاقے سے جمال اور فیملی سے 2لاکھ50کی نقدی و زیورات، نیو انارکلی سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو گن پوائنٹ پر نعمان سے 50ہزار، نواب ٹاؤن سے ہی پرویز سے گن پوائنٹ پر 35ہزار نقدی موبائل فون اور ٹبی سٹی سے گن پوائنٹ پر راحیل سے65ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ نامعلوم چور گلشن اقبال اور ستوکتلہ سے گاڑیاں جبکہ کاہنہ، اسلام پورہ اور مزنگ سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔