قتل‘ ڈکیتی میں مفرور ملزموں کو پناہ دینے والوں کیخلاف آپریشن‘ 97 گرفتار
لاہور (نمائندہ خصوصی) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر ان ایکشن۔ شہر بھر میں اشتہاریوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈائون کیا گیا جس میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی سمیت دیگر وارداتوں میں مفرور ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف آپریشن کیا گیا اور شہر بھر میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 97ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور عبدالغفار قیصرانی نے بتایا کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر لاہور پولیس نے اشتہاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا جس میںقتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی سمیت دیگر وارداتوں میں مفرور ملزمان کو پناہ دینے والوں کو گرفتار کیا گیا۔ روپوش اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ قبضہ میں لیا گیا ہے۔ کریک ڈائون کے دوران بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ اور اشتہاری ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔ چھاپوں کے دوران دہشت گردی و سنگین جرائم کے اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا اورگرفتار ملزمان سے3کلاشنکوف، 29رائفلیں، بندوقیں، 27پسٹل اور سینکڑوں گولیاں و کارتوس برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں اقبال عرف بالی، امیر فتح ٹیپو، معصب، رمضان بٹ، اللہ دتہ عرف ہیرا، الیاس گجر، بالی بٹ، رفیق، حسنین، وارث، اعجاز ابراہیم، رانا مدثر، کاشف، سلیم ، ملک ظہیر بابر، ارشاد، خالد محمود، ارشد اقبال، علائو الدین عرف لاوا، سفیان جٹ، کاشف بٹ عرف کاشی، طیب جہانگیر، شہر یار اور پرویز خان وغیرہ شامل ہیں۔ دریں اثناء سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ معاشرے سے بدمعاشوں، قبضہ گروپوں اور سماج دشمن عناصرکا خاتمہ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئے اور اس سلسلے میں کمانڈ افسران ذاتی نگرانی میں ماڈرن کمیونٹی پولیسنگ، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کی بدولت بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔ پولیس کے اس کریک ڈاؤن کے بعد شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں اورگڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے شاہ عالمی چوک میں احتجاج بھی کیا گیا۔ تاجروں نے شاہ عالم چوک پر ٹائر جلا کرسڑک بلاک کردی اور پولیس کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔ شاہ عالمی چوک میں ہونیوالا احتجاج تین گھنٹے تک جاری رہا جس کے باعث سرکلر روڈ پر ٹریفک جام رہی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔