رائیونڈ5گارڑیاں ٹکراگئیں،ٹریفک حادثات میں2افراد جاں بحق
لاہور/ جڑانوالہ/ چنیوٹ/ (نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ این این آئی+ اے پی پی+ علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں سردی اور دھند کی لہر جاری ہے۔ لاہور ائرپورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا جبکہ دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق متعدد زخمی ہو گئے۔ موٹرویز بھی مختلف مقامات سے بند کر دی گئیں۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں سردی اور دھند میں اضافہ ہو گیا۔ دھند کے باعث لاہور ائر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ موٹروے پولیس نے دھند میں شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ این این آئی کے مطابق شدید دھند کے باعث 6 انٹرنیشنل پروازیں منسوخ جبکہ کئی تاخیر کا شکار رہیں۔ ریاض جانے اور وہاں سے آنے والی نجف جانے اور وہاں سے واپس آنے والی ابو ظہبی اور مسقط جانے اور وہاں سے واپس آنے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے میدانی علاقے دھند میں رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، جہلم ، گوجرانوالہ، لاہور، خوشاب، نورپورتھل، سرگودھا، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جوہر آباد، جھنگ، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، میانوالی، ڈی جی خان، خانیوال، ساہیوال اور رحیم یار خان میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد سے اے پی پی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی۔ چنیوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ٹرک، ڈالہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے 55سالہ ظہور احمد موقع پر جاں بحق ہو گیا اور 45سالہ شہامد علی علی زخمی ہوگیا۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شدید دھند کے باعث فیکٹریوں کی گاڑیاں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں، درجنوں فیکٹری ورکرز زخمی ہو گئے۔ منڈی شاہ جیونہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث جھنگ سرگودھا روڈ سٹاپ رسول پور کے قریب اے سی مسافر بس گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور سے نمائندہ خصوصی کے مطابق رائیونڈ کے علاقے میں دھند باعث 5گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6افراد زخمی ہو گئے ۔ مانگا بائی پاس کے قریب شدید دھند کے باعث بس ، 3کاریں اور کیری ڈبہ آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 42سالہ ابراہیم جاں بحق جبکہ سعید، شکلی، طالب حسین ، سجاد ، عبدالرزاق اور صادق زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسلام آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شدید دھند کے باعث پنجاب میں موٹر وے ایم تھری لاہور سے عبد الحکیم تک اور ایم فور پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک ٹریفک کے لئے عارضی طور پر بند ہے۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال اور چیچہ وطنی سمیت متعدد مقامات شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔