• news

براڈ شیٹ نے آمر اور موجودہ حکومت کو بے نقاب کیا‘ مشرف نے مخالفین کی فہرست دی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی  ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا  ہے کہ براڈ شیٹ فرم نے ایک آمر اور موجودہ حکومت کو بے نقاب کیا اور منہ کالا کیا ہے جبکہ پاکستان کے فرسودہ نظام، جس میں آمر اور اداروں سے مل کر منتخب وزیراعظموں کے خلاف سازش ہوتی رہی ہیں۔ پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں 6 ماہ کا تجربہ رکھنے والی نجی کمپنی کو 6 ارب روپے دیئے اور منتخب وزیراعظم کے خلاف مقدمات بنانے کا کہا گیا۔ کمپنی کو سیاسی مخالفین اور مریضوں کی لسٹ دی گئی جس کے نتیجے میں کچھ نیب زادے بنے اور کچھ نیب زدہ ہو گئے۔ بدھ کو ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  مریم نواز نے کہا کہ آج بھی نیب نیازی کا گٹھ جوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور میں براڈ شیٹ کے 25 ملین ڈالر نہیں دیئے گئے کیونکہ ریکوری ہوئی نہیں تھی وہ جعل سازی تھی اور پرویز مشرف نے جھوٹ بولا تھا اور جعلی کمپنی 6 ارب دیئے تھے۔ اس موقع پر خرم دستگیر نے موجودہ خارجہ پالیسی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خارجہ تعلقات کا جنازہ شاہراہ دستور پر پڑا ہے، کوئی کندھا دینے والا نہیں۔ نواز شریف نے خارجہ پالیسی کو نئی جہت دی تھی، عمران خان نے اڑھائی سال میں مٹی میں ملادیا ہے۔ چین صرف امداد کیلئے نہیں، اس سے مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے۔ خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات بحال کئے جائیں۔ خرم دستگیر خان نے کہاکہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے سخت تشویش ہے،گزشتہ سال ملک کی خارجہ پالیسی بری طرح ناکام رہی۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے خارجہ پالیسی کو نئی جہت دی تھی جس میں چین اور روس سے تعلقات شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن