پاک بحریہ کے 3 کموڈورز کی ائر ایڈمرل عہدے پر ترقی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے تین کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ بحریہ کے پریس ریلیز کے مطابق ترقی پانے والوں میں کموڈور جاوید اقبال، کموڈور محمد سہیل ارشد اور کموڈور سلمان الیاس شامل ہیں۔ ترقی پانے والے فلیگ افسران پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں اور تینوں افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔ تینوں افسران پاک بحریہ کی متعدد کمانڈ اور سٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ترقی پانے والے رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے پاک بحریہ کی ویپن انجینئرنگ برانچ میں 1989 میں کمیشن حاصل کیا، انہوں نے برطانیہ سے کمیونیکیشن اینڈ الیکٹریکل سسٹمز میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی۔ ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنگ افسر نیول پریسیشن الیکٹرانک کمپلیکس اور کمانڈر ٹیکنیکل سپورٹ (کوسٹل) جناح نیول بیس اورماڑہ شامل ہیں۔ ان کی اہم سٹاف تعیناتیوں میں فرانس میں پی این ٹیکنیکل لائزان افسر، کمانڈر لاجسٹک کے سینیئر سٹاف افسر (سب میرین)، نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر سب میرین مینٹیننس اور میری ٹائم ٹیکنالوجیکل کمپلیکس میں چیف مینیجر ٹیکنیکل شامل ہیں۔ ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد نے 1989 میں پاکستان بحریہ کی ویپن انجینئرنگ برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں پاک بحریہ کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر سب میرین اور جنرل مینیجر سب میرین پراجیکٹس شامل ہے۔ ان کی اہم سٹاف تعیناتیوں میں سٹاف افسر کمانڈر سب میرین (الیکٹریکل)، سٹاف افسر (سب میرین) کمانڈر لاجسٹکس ہیڈکوارٹرز اور ٹیکنیکل ممبر آگسٹا 90 'بی' سب میرین فرانس اور ڈی جی سب میرین پراجکٹس شامل ہیں۔ انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں بطور ڈائریکٹر سٹاف بھی فرائض سرانجام دیے۔ریئر ایڈمرل سلمان الیاس نے 1990 میں پاکستان نیوی کی تعمیراتی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے برطانیہ سے (نیول آرکیٹیکچر) میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔ ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنٹ پی این ایس کارساز اور جنرل مینیجر (ٹیکنیکل) کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئیرنگ ورکس شامل ہیں۔ ان کی اہم سٹاف تعیناتیوں میں اسسٹنٹ مینیجر (سٹرکچر اینڈ کوالٹی اشورنس) سعودی عرب، پاکستان نیوی ڈاکیارڈ مینیجر پائپنگ اور مینیجر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئیرنگ ورکس (ڈیزائن اینڈ شپ بلڈنگ) شامل ہیں۔ رئیر ایڈمرل سلمان الیاس نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بطور ڈائریکٹر نیول کنسٹرکشنز بھی فرائض سرانجام دیے۔