متحدہ اپوزیشن ماضی میں دھاندلی کی بدولت اقتدار میں آتی رہی: شہبازگل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن ماضی میں دھاندلی کی بدولت اقتدار میں آتی رہی۔ آج کے کرپشن پارٹنرز ماضی میں ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے رہے۔ (ن) لیگ کی جانب سے دیا گیا وائٹ پیپر انکی ذہنی اختراع کے سوا کچھ نہیں۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ نااہل لیگ کے درباری ذہنی دیوالیہ پن کی انتہا کو پہنچ چکے۔ ارسطو صاحب ہوش کے ناخن لیں، الزامات لگائیں مگر وہ جن پر یقین کیا جا سکے، گلگت میں سندھ کے سرکاری وسائل پیپلزپارٹی نے جھونکے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ن لیگ نے "شفافیت" کے ریکارڈ توڑتے ہوئے 16 نشتیں لیں اور پی ٹی آئی نے دھاندلی کر کے صرف 8؟۔ لگتا ہے احسن ارسطو آقائوں کی غلامی میں ہوش کھو بیٹھے ہیں۔ دھاندلی کے الزامات لگانے والوں نے پی ٹی آئی کی طرح کوئی قانونی راستہ اختیار کیا؟۔ نااہل لیگ کے کاغذی شیر صرف میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے میں ماہر ہیں، انہیں کشمیر کے الیکشنز بھی ہاتھ سے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کشمیری جانتے ہیں کہ اقوام عالم کے سامنے انکے جذبات و احساسات کی صحیح ترجمانی عمران خان نے کی۔ نااہل لیگ کو گلگت کی طرح کشمیر میں بھی اپنی ہار ابھی سے نظر آنے لگ گئی ہے۔