وزیراعظم کے اسلامو فوبیا‘ ناموس رسالت پر دوٹرک مؤقف، کشمیر کا مقدمہ لڑنے کو اجاگر کرنے میں پی ٹی وی کا کلیدی کردار ہے: شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اسلاموفوبیا اور ناموس رسالتؐ پر دو ٹوک موقف عالمی فورمز پرکشمیر کا مقدمہ لڑنے، ملکی تشخص کو اجاگر کرنے سمیت حکومتی اقدامات کو 22 کروڑ عوام تک پہنچانے کے لئے پی ٹی وی اور دیگر ریاستی میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ پی ٹی وی قومی ادارہ ہے اسکی عظمت رفتہ کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ وہ جمعرات کو پی ٹی وی میں پی ٹی وی جنرل منیجرز اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ماضی کے ناظرین واپس لانا پی ٹی وی کے تمام چینلز کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ غریب بے سہارا اور پسے ہوئے طبقات کے لئے احساس پروگرام کامیاب جوان پروگرام لنگر خانے اور پناہ گاہیں قائم کیں گئیں ہیں۔ ماضی کی حکومتوں میں ایسی کوئی روایات نہیں ملتیں۔ حکومت کے اقدامات وزیراعظم کی اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر تقاریر کو علاقائی زبانوں میں ترجمہ کر کے عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی علاقائی مراکز، علاقائی میوسیقی، ثقافت سے متعلق پروگرامات ترتیب دیکر ناظرین تک پہنچائیں۔ ہمیں نوجوان نسل کو اپنی ادبی شخصیات اور قومی ہیروز سے روشناس کرانا ہے۔ جنرل منیجرز اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ایم ڈی پی ٹی وی شاہیرہ شاہد اور پی ٹی وی کے دیگر اعلی حکام شریک تھے۔