• news

قوم کو ایک عید‘ ایک چاند پر متفق کرنے کی کوشش کریں گے:عبدالخبیر آزاد 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولاناعبد الخبیر آزاد نے کہا ہے  کہ تمام علماء ومسالک کوساتھ  لیکر چلیں گے۔ سائنسی معلومات اور شرعی شہادتوں پر انحصار کر کے قوم کو ایک عید اورایک چاند پر متفق   کرنے کی  کوشش کی جائے گی۔ ہم وزارت سائنس اور دیگر اداروں سے بھی مدد لیں گے۔ بہت جلد پشاور کا دورہ کریں گے۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بھی ملاقات کریں گے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ہم عظیم ادارہ بنانے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولاناعبد الخبیر آزاد   نے کہا کہ اس کمیٹی میں تمام مکاتب فکر کے علماء سپارکو، محکمہ موسمیات، وزرات سائنس و ٹیکنالوجی اور مذہبی امور کے افراد موجود ہیں، تمام فیصلے شرعی شہادتوں کی بنیاد پر کریں گے۔ سپارکو سائنس وٹیکنالوجی کی فنی مہارت لیں گے مگر فیصلہ شریعت پر شہادتوں سے کریں گے۔ ملک بھر میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقد کر کے  وحدت پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر  اعظم عمران  خان کی رہنمائی میں مل کر آگے بڑھیں گے۔ ایک  سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ شریعت اورشہادت کی بنیاد پر چاند کا فیصلہ ہوا کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن