انتخابات کو آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں: چیف الیکشن کمشنر
لاہور (نیوز رپورٹر) ضمنی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز، تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کو آزادانہ، شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں۔ اگر کوئی بھی امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق بھر پور کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور اگر ضرورت پڑے تو رینجرز سے بھی مدد لینے سے اجتناب نہ کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی ہدایات دیں کہ کوئی سرکاری ملازم الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے یا کسی بھی امیدوار کی الیکشن مہم میں حصہ لے یا مدد کرے تو اس کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت سے سخت کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں محکمانہ کارروائی کے لئے اس کے محکمہ کو بھی بتایا جائے۔ اگر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔