• news

ایک ماہ میں دوسری بار تیل مہنگا قبول نہیں: انجمن تاجران‘ عوام پر روز نئی قیامت آتی ہے: مریم نواز

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ/ کامرس رپورٹر) نئے سال کے پہلے مہینے میں دو بار پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شدید تنقید کی ہے۔ وفاقی حکومت نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار پٹرول مہنگا کردیا۔ اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ اسی ماہ دوسری مرتبہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، ہر روز مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک نئی قیامت ڈھائی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ آپ پوچھتے ہیں کہ اپوزیشن کیا چاہتی ہے؟۔ اپوزیشن عوام کو آپ کے عذاب سے نجات دلانا چاہتی ہے۔ کیا ہم گھر بیٹھ کر عوام پر آپ کے مظالم دیکھتے رہیں؟ بالکل نہیں!۔ آل پاکستان انجن تاجران نے پٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ماہ میں دوسری بار اضافہ ناقابل قبول ہے۔ بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ہر طبقے کیلئے مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے اور اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں گھنٹوں کے حساب  سے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ عوام ریلیف جیسے لفظ سے ناآشنا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے ٹرانسپورٹیشن اور مینوفیکچرنگ کے اخراجات بھی کئی گنا بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح کا بوجھ عوام کے کندھوں پر منتقل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ حالیہ اضافے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا اور پسے ہوئے طبقات اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن