پرویز الٰہی مسلم لیگ پنجاب کے صدر‘ سینیٹر کامل آغا بلامقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے مقرر کردہ صوبائی الیکشن کمیشن کا اجلاس انتخابات کیلئے جاری شدہ ایجنڈہ کے مطابق زیر صدارت اشتیاق احمد گوہر ایڈووکیٹ منعقد ہوا ممبران الیکشن کمیشن میاں محمد منیر، محمد جاوید اقبال گورائیہ ، فرح دیبا، آغا اسامہ احمد ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی صدارت کیلئے صرف ایک امیدوار کا فارم نامزدگی داخل کر وایا گیا فارم نامزدگی داخل کروانے کیلئے تجویز کنندہ سابق وزیر تعلیم پنجاب میاں عمران مسعود اور تائید کنندہ ملک محمد اکرم پیش ہوئے، جنرل سیکرٹری کیلئے بھی صرف ایک کاغذات نامزدگی داخل کروائے گئے جو سینیٹر کامل علی آغا کے لئے تھے جن کے تجویز کنندہ خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے اور تائید کنندہ ماجدہ زیدی نے خود پیش ہو کر کاغذات پیش کئے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد دونوں امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا۔ بعدازاں ورچوئل اجلاس کی صدارت چودھری پرویز الٰہی منتخب صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے کی۔ نو منتخب صدر چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہونے کے ناطے ریاست پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور ملکی سلامتی کے تحفظ کی ضامن جماعت ہے ہم نے اپنے دور اقتدار میں ملک کی ترقی کیلئے عوامی فلاحی منصوبوں کے جال بچھائے ہیں آئندہ بھی ہمیں انشاء اللہ موقع ملے گا تو پہلے سے بڑھ کر خدمات سر انجام دینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے ہر دم دفاعی اداروں کی پشت پر موجود ہے اور انکی مضبوطی کو اپنے ایمان کا حصہ تصور کرتی ہے۔ نو منتخب جنرل سیکرٹری پنجاب نے دو قرار دادیں پیش کیں جو کہ منظور کر لی گئی دونوں قرار دادوں میں نو منتخب صدر پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ آئین پاکستان مسلم لیگ کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے مسلم لیگ کو فعال بنائیں اور جماعتی سطح پر خالی عہدوں پر تقرریاں کریں، تنظیم کو مزید منظم اور فعال بنانے کیلئے آئین پاکستان مسلم میں دیئے گئے تنظیمی اور انتظامی اختیارات استعمال کریں۔