سخت محنت سے حاصل کامیابیاں پائیدار امن و اتحکام لائیں گی: جنرل باجوہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرا افغان ڈائیلاگ کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز پشاور کور کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ پشاور کور کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کور ہیڈ کوارٹرز میں انہیں سلامتی کی تازہ ترین صورتحال، بارڈر مینجمنٹ بشمول سرحد پر باڑ لگانے، ایف سی اور استحکام کی جانب سفر کی وجہ ضم ہونے والے نئے اضلاع کی پولیس کی استعداد بڑھانے سمیت اقدامات پر انہیں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پشاور کور کے افسران اور جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے ، قبائلی اضلاع میں استحکام لانے کے لئے ایف سی اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کی تعریف کی۔ امن کے لئے مقامی عوام کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے لئے ان کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن کے استحکام کی کوششوں کی بدولت سخت محنت سے حاصل کردہ کامیابیاں ، دائمی اور پائیدار امن و استحکام پر منتج ہوں گی۔ بارڈر کنٹرول کیلئے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان انٹرا افغان ڈائیلاگ کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔قبل ازیں ، پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔