ملک کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت‘ علماء کے ذریعے ہمیں دین کی سمجھ آئی: وزیر مذہبی امور
لاہور +اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ملک کو اتحاد و اتفاق اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ علماء کرام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، انہیں منبر سے اس پیغام کو عام کرنا ہو گا۔ جس کو اللہ نوازتا ہے اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے اور علماء کرام وہ ذریعہ ہیں جن کے توسط سے ہمیں دین کی سمجھ حاصل ہوئی۔ ملک بھر کے خطیبوں کو وظائف دینے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بادشاہی مسجد میں 17ویں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام مجلس علماء پاکستان نے کیا۔ جبکہ مفتی مبشر نظامی، پیر ناظم حسین شاہ، مولانا سردار محمد خان لغاری، علامہ زبیر احمد ظہیر، مفتی عاشق حسین شاہ، حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ محمد رشید ترابی، مولانا مسعود قاسم قاسمی، اصغر عارف چشتی، کلیم ڈار، عمران صدیقی، مولانا شعیب الرحمن، مولانا محمد عباس غاز ی، قاری اسامہ شوکت، علامہ شکیل الرحمن ناصر، علامہ عبد الستار نیازی، مولانا ایوب خان ثاقب، سید عبد القدیر آزاد، صاحبزادہ عبد البصیر آزاد، میاں اجمل عباس، بلال احمد میر، احسان اللہ تبسم، سید اسامہ اجمل قاسمی، خواجہ جاوید اسلم صحاف، حافظ سید عبد الرزاق آزاد و دیگر نے شرکت کی۔ سابق خطیب بادشاہی مسجد مولانا ڈاکٹر سید محمد عبد القادر آزاد کی یاد میں ہونیوالی کانفرنس سے مرکزی خطاب وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان ڈاکٹر پیر نور الحق قادری اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کیا۔ مقررین نے کہا کہ مولانا ڈاکٹر سید عبد القادر آزاد کی روشن خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ وہ امن، اتحاد، رواداری اور بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی مبلغ اور سفیر تھے۔ ان کی کوششوں سے پاکستان میں امن مضبوط ہوا اور اتحاد، رواداری کو فرغ حاصل ہوا۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم ملکی سلامتی اور تحفظ کیلئے افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پیغام پاکستان کی کامیابی ملکی سلامتی اتحاد و یکجہتی کیلئے علماء کرام ایک پلیٹ فار م پر جمع ہیں۔ دشمن قوتوں کو اتحاد یکجہتی کو مضبوط بنا کر شکست دیں گے۔ پاکستان کی سلامتی، دفاع اور تحفظ کیلئے علماء کرام نے ہمیشہ قوم کو تیار رکھا ہے اور آئندہ بھی بیدار رکھیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اظہار یکجہتی کیا گیا اور پاکستان کی سلامتی، افواج پاکستان کی مضبوطی، عالم اسلام کی خوشحالی، فلسطین کی آزادی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مولانا ڈاکٹر عبدالقادر آزاد کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کے علماء کو 10 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ بادشاہی مسجد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق نے مساجد کے علماء کو 10ہزار روپے اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدینے کی ریاست کے بعد پاکستان اسلام کا قلعہ ہے۔