• news

کرپشن کیخلاف ایکشن کے دعوے لفظی گولہ باری‘ حکومت نے ایک اور پٹرول بم گرا دیا: سراج الحق

سیالکوٹ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار‘ خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی کرنسی روز بروز کمزور ہو رہی ہے۔ اس کی وجوہات عوام جانتی ہے۔ کرپشن کے خاتمہ کے لئے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان کی کرنسی ہمسایہ ممالک کے حساب سے کمزور ہے۔ اسلام آباد میں عام شہری محفوظ نہیں۔ بلوچستان میں دشمن ملک سازشیں کررہا ہے۔ بھارت افغانستان کا امن بھی خراب کر رہا ہے جس پر اقوام عالم کو بھارت کے کردار پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان میں 10/12 افراد کا بیک وقت قتل ہونا معمولی بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میاں عثمان جاوید کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ضلع ناظم و چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید، تحریک انصاف کے رہنما میاں علیم جاوید، عتیق الرحمن سمیت جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور میں نیب مخالفین کو دبانے کے لئے بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو ترقی کی جانب لے جاسکتی ہے۔ ملک معاشی حساب سے کمزور ہوتا جارہا ہے۔ پانامہ کے حوالے سے ہمارا موقف ہے کہ یکساں احتساب ہونا چاہئے۔ سراج الحق نے کہا ہے وزیراعظم کے کرپشن کے خلاف ایکشن کے دعوے لفظی گولہ باری، اپنی ذات اور پارٹی کو احتساب کے لئے کبھی پیش نہیں کیا۔ امریکی صدر پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے سیاہ فام کے ورثا کے ہاں چل کر گئے اور معافی مانگی۔ ہمارے وزیر اعظم کی انا پہاڑ سے اونچی نظر آئی۔ الیکشن کمیشن، نیب خود قابل احتساب ادارہ بن چکا ہے۔ حکمران اپنے جرائم سے توبہ کریں۔ ڈلیور نہیں کرسکتے تو مہربانی فرما کر گھر جائیں۔ انہوں نے سیالکوٹ میں جے آئی یوتھ کے نائب صدر عثمان جاوید کے چچا محمد سعید کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی بے حسی اور ظلم انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی پرزور طریقے سے جاری ہے۔ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی کسی تبدیلی کا نہیں بلکہ غلامانہ سوچ اور نااہلی کا دوسرا نام ہے۔ عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے اوپر سے روزانہ کی بنیاد پر بنیادی ضرورت کی اشیاء میں اضافہ کرکے ان کی ننگی پیٹھوں پر کوڑے برسائے جارہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مہنگائی، بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف تحریک شروع کی ہے۔ سب سے پہلا جلسہ باجوڑ ضلع میں ہوا، پھر بونیر، سوات، دیر اور گوجرانوالہ میں جلسے ہوئے۔ اب کچھ دن بعد سرگودھا میں ہمارا بہت بڑا جلسہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن