بلاول الیکشن کمیشن کو دھمکیوں کی بجائے اپنی فارن فنڈنگ کا حساب دیں: شبلی فراز
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلال بھٹو اپنی نا اہلی اور کرپشن کا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالیں۔ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول اتنے لا علم ہیں کہ انھیں پتہ نہیں کہ 2025 ملین کیوبک فٹ گیس سندھ میں پیدا ہوتی ہے جس میں سے 1784 ملین کیوبک فٹ گیس سندھ میں ہی استعمال ہو جاتی ہے جبکہ 200 ملین پاور اور فرٹیلائزر پلانٹس کو دی جاتی ہے۔ غریبوں اور مزدوروں کے حقوق کا راگ الاپنے والوں نے پنشنرز تک کو نہیں بخشا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ماتحت وزارت خزانہ میں سوا دو ارب روپے پنشنرز فنڈ میں خورد برد سامنے آئی ہے۔ جعلی پنشنرز اور جعلی اکائونٹس بنائے گئے ہیں۔ جعلی اکائونٹس کا کھرا وزیر اعلیٰ کے آبائی ضلع دادو تک جاتا ہے۔ قوم یہ بھی نہیں بھولی کہ آپ نے گندم ریلیز نہ کر کے قلت پیدا کی اور سندھ کے عوام کو مہنگا آٹا بیچا۔ غریب کی کٹیا اجاڑ کر سوئس بینک بھرے اور سرے محل تعمیر کیا۔ بلاول بھٹو الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کی بجائے اپنی جماعت کی فارن فنڈنگ کے حوالے سے جواب دیں۔ جب سیاست اہلیت کے بجائے وراثت کی بنیاد پر ملے تو یہی حال ہوتا ہے جو پی ڈی ایم کا ہے۔ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ چکی ہے ، ذاتی مفادات اور کرپشن کو بچانے کی تحریک اب چوراہوں کے جلسوں تک محدود ہو گئی ہے۔