عدالت میں شہباز شریف، حمزہ سے ملاقات، براڈ شیٹ حکومت کے منہ پر طمانچہ، اس سال عمران اکیلے رہ جائیں گے: مریم نواز
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور کی احتساب عدالت میں مریم نواز نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال‘ حکومت مخالف تحریک پی ڈی ایم سے متعلق مشاورت کی۔ مریم نواز شریف کی احتساب عدالت لاہور آمد کے موقع پر کارکنوں نے انہیں دیکھ کر نعرے بلند کئے۔ مریم نواز نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے کمرہ عدالت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے کچھ ساتھیوں کے استعفیٰ آئے ہیں اس سال انشاء اللہ عمران خان اکیلے رہ جائیں گے۔ وہ اناڑی کھلاڑی ہیں۔ ان کے وزیروں، مشیروں کو سمجھ آنا شروع ہو گئی ہے۔ عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت بے نقاب ہو چکی۔ براڈ شیٹ کا معاملہ حکومت کے منہ پرطمانچہ ہے۔ ان کا جھوٹ انہیں کے سامنے آگیا۔ الیکشن کمشن کے سامنے تمام اپوزیشن جماعتیں بھر پور احتجاج کریں گی۔ 31جنوری کے بعد پی ڈی ایم دھرنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ ضمنی انتخابات کے حوالہ سے سرگرم رہنمائوں اور کارکنوں کو ہدایت کر دی ہے ، انشاء اللہ ضمنی الیکشن (ن) لیگ جیتے گی۔ لاہور خوبصورت شہر تھا۔ نااہل حکومت نے اسے کچرے کا ڈھیر بنادیا۔ ایک سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ بلاول الیکشن کمشن کے سامنے ہونے والے احتجاج میں شرکت کریں گے یانہیں۔ اس حوالہ سے پاکستان پیپلز پارٹی سے پوچھا جائے۔ 19جنوری کو الیکشن کمشن کے سامنے بھرپور احتجاج ہو گا۔ پی ڈی ایم عوام کی تحریک ہے۔ حکومت اپنے آپ کو طفل تسلیاں دے رہی ہے جو میڈیا کی حد تک ہے۔ اندر سے ان کے جس طرح ہاتھ پائوں اور سانسیں پھولی ہوئی ہیں ۔ انشاء اللہ وقت آنے پر جب پی ڈی ایم سٹرائیک کرے گی تو پتہ چلے گا۔ براڈ شیٹ کے معاملہ پر حکومت کی بدنیتی سامنے آگئی۔ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کی بے گناہی پھر ثابت کر دی اور حکومت خود پھنس گئی۔ براڈ شیٹ کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ الٹ ہو گیا۔ انہوں نے قومی خزانہ برباد کیا۔ مگر نکلا کچھ نہیں اور نواز شریف کو بے گناہی مل گئی۔ براڈ شیٹ سے پیسے مانگ کر پتا چل گیا کہ یہ کتنے کرپٹ، نااہل اور چور ہیں۔ حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا لیکن شہباز شریف نے نواز شریف اور مسلم لیگ(ن)کو نہیں چھوڑا۔ عمران خان کو شہباز شریف سے خطرہ ہے کیونکہ وہ انہیں اپنا متبادل سمجھتے ہیں اور عمران خان کو جس سے خطرہ ہوتا ہے اسے جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ جلد باہر آئیں گے۔ سیاست بھی کرینگے۔ تمام کیسز سے ایک دن ضرور سرخروہوں گے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت سے واپسی پر مریم نواز نے والدہ‘ دادا،دادی اور چچا کی قبر پر حاضری دی۔ مریم نواز نے قبروں پر پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی۔