رضائے الٰہی کیلئے دکھی انسانیت کی خدمت سے دل کو سکون ملتا ہے: پرویز الٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سندس فائونڈیشن کے چیئرمین یٰسین خان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ذکر کیا اور گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، فیصل آباد، اسلام آباد، لاہور اور سیالکوٹ میں قائم مراکز کے حوالے سے بریف کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ رضائے الٰہی کیلئے دکھی انسانیت کی خدمت کر کے دل کو سکون ملتا ہے۔ فلاحی اداروں کی خدمت کرنا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے تھیلیسیمیا کے موذی مرض میں مبتلا نادار اور مستحق بچوں کے علاج کیلئے امدادی رقم کا چیک بھی پیش کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے سندس فائونڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کو پنجاب اسمبلی وزٹ کرایا جائے گا تاکہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں پا کر بچے مسرور ہوں۔