• news

الیکشن کمشن کے باہر پی ڈی ایم احتجاج، شیخ رشید نے کل اجلاس بلا لیا 

اسلام آباد ( نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے معاملے پر پیر کو امن و امان سے متعلق اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبر پی کے   آئی جی  پولیس بھی بذریعہ ویڈیولنک شرکت کریں گے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے۔ پی ڈی ایم کے 19جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے معاملے پر ضروری حفاظتی اقدامات کاجائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں احتجاج کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی والدہ کی وفات پر گہرے  دکھ اور غم کا اظہارکیا ہے ۔ اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ دنیا میں ماں کا متبادل کوئی رشتہ نہیں،پرویز مشرف کی والدہ کے انتقال پر دلی دکھ ہوا۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ مرحومہ  ایک انتہائی تعلیم یافتہ اور عظیم خاتون تھیں،اللہ تعالی ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا ء کرے۔دریں اثناء چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے  سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں  دنیا میں انسان کیلئے رب کا تحفہ اور کائنات کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔اللہ پاک جنرل پرویز مشرف اور انکے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا  مائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں۔للہ پاک مرحومہ زریں مشرف کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطاء کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ 

ای پیپر-دی نیشن