• news

جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، میچ آفیشلز کا اعلان، ہوم گراؤنڈ پر امپائرنگ کا منتظر ہوں: علیم ڈار

لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔اعلان کردہ پینل میں شامل دونوں آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراونڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی ۔ احسن رضا 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک 10 ایک روزہ اور چھ ٹی ٹونٹی میچوں میں ریفری کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 4 فروری کوراولپنڈی میں شروع ہوگا۔آئی سی سی کے ہر طرز کی کرکٹ سے متعلق عبوری ضوابط کے مطابق حالیہ لاجسٹک چیلنجز کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں تیسرے ملک کے میچ آفیشل کی تقرری سے متعلق شرط ختم ہوچکی ہے، تاہم آئی سی سی اب بھی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل میں موجود آفیشلز کی ہی تقرری کررہا ہے۔دونوں ممالک کیلئے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بھی پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ میچ ریفری جاوید ملک ہی ہوں گے۔ علیم ڈار اور احسن رضا پہلے میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ شوزب رضا ٹی وی امپائر اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے شوزب رضا اور آصف یعقوب کوآن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضااور راشد ریاض کو تھرڈ اور فورتھ امپائر ز مقرر کیا گیا ہے۔آخری ٹی ٹونٹی میچ کیلئے علیم ڈار اور راشد ریاض آن فیلڈ جبکہ احسن رضا اور شوزب رضا کی تھرڈ اور فورتھ امپائرزہونگے۔ علیم ڈار نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے لیے تقرری ان کیلئے جذباتی لمحہ ہوگا۔ وہ اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں مگر بالاخر 17 سال بعد وہ لمحہ بھی آگیا ہے کہ انہیں پہلی مرتبہ اپنے ملک میں کھیلے جانے والے کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کا موقع مل رہا ہے۔ ایک کھلاڑی کی طرح میچ آفیشلز بھی اپنے ہوم گراونڈ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے منتظر ہوتے ہیں اور وہ محدود طرز کی کرکٹ میں یہ لمحہ دیکھ بھی چکے ہیں مگر ٹیسٹ کرکٹ کھیل کا سب سے اہم فارمیٹ ہے، وہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دونو ں ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں نبھانے کے منتظر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن