• news

افغانستان‘ 3 دھماکے‘ فائرنگ‘ پولیس‘ حکومت نواز ملیشیا کے 15 اہلکار ہلاک 

لاہور‘ کابل (نیٹ نیوز+ اے پی پی) افغانستان کے صوبے کابل اوربغلان میں بم دھماکوں میں 3 پولیس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ جبکہ درانداز طالبان نے فائرنگ کر کے حکومت نواز ملیشیا کے 12 اہلکاروں کو مار ڈالا۔ 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں کابل، بغلان، قندھار اور ہلمند میں دھماکے کئے گئے۔ کابل یونیورسٹی روڈ پر آج صبح ہونے والے نصب شدہ بارودی مواد کے دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوا۔ بغلان کے شہر خمری میں سڑک کنارے بم دھماکے میں بھی پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص ہلاک، 2 افراد زخمی ہوئے۔ گزشتہ شام قندھار اور ہلمند میں بھی دھماکے کئے گئے تھے۔ کابل/ ہرات سے شنہوا کے مطابق صوبائی پولیس کے ترجمان عبدالاحد وزیر زادہ نے ہفتہ کے روز بتایا کہ صوبہ ہرات کے ضلع غوریان میں حکومت نواز ملیشیا میں دو مبینہ طالبان دراندازوں نے اپنے ساتھی ملیشیا ممبران پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ رات کا کھانا کھا رہے تھے جس سے 12 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور درانداز اپنے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت طالبان میں دوبارہ شمولیت کیلئے فرار ہوگئے۔ مزید تفصیلات فراہم کئے بغیر عہدیدار نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت مخالف سرگرمیاں تیز کرنے والی طالبان تنظیم نے ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن