بھارتی کسانوں کے احتجاج میں شدت عدالتی پینل کیساتھ بات چیت سے انکار
نئی دہلی(این این آئی ) بھارت میں کسانوں کے احتجاج میں شدت آگئی، مختلف ریاستوں سے مظاہرین کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی یوم جمہوریہ پر دلی والوں کے دل دہلانے کی تیاریاں کرلی گئیں، کسان رہنمائوں نے متنازعہ قوانین کی واپسی تک ڈٹے رہنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کسان لیڈر ڈاکٹر درشن پال نے کہا کہ وزیر زراعت نے ہماری متبادل تجاویز پر بھی کان نہیں دھرے، مذاکرات کا یہ رائونڈ 120 فیصد ناکام رہا جبکہ بات چیت کا اگلا دور 19 جنوری کو ہوگا۔ کسانوں نے کہا ہے کہ 26 جنوری کو ٹریکٹر ٹرالی ریلی کے ذریعے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ بھی اٹل ہے۔دوسری جانب کسان یونینز نے کہا کہ وہ عدالتی پینل کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کریں گے، کیونکہ پینل ارکان پہلے سے ہی متنازعہ قوانین کے حق میں ہیں۔