• news

مسئلہ حل کیے بغیر حطے میں امن ناممکن حمایت جاری رکھیں گے

اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے اسے حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام نا ممکن ہے،بھارتی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019کے اقدم نے بھارت کا مقروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے،پاکستان کشمیری عوام  کے حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ممبر قومی اسمبلی و رکن کشمیر کمیٹی نورین فاروق ابراھیم سے ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ، بین  تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور رکن کشمیر کونسل یونس میر بھی موجود تھے۔ملاقات میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی گروپ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح ہر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، کثیر الاجماعتی پارلیمانی گروپ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کرے گا،انہوں نے کہا کہ گروپ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کے لیے عالمی  رائے ہموار کرے گا،اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدام کے بعد پاکستانی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جنرل اسمبلی میں بھارت کے فاشسٹ نظرے کو بے نقاب کرتے ہوئے دنیا کو بتایا کہ جنوبی ایشیا میں بھارت کے ہاتھوں امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، عالمی برادری اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان نے امن کے قیام اور خطے کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچانے کے لیے متعدد کوششیں کی ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت 27فروری 2019 کا واقعہ ہے جب بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت واپس بھجوایا تھا جس کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کا امن کے قیام کے طور پر مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے تمام پڑوسی ممالک کے سے برابری کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے مگر کوئی بھی ملک ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے  وزیراعظم پاکستان نے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کو عالمی برادری کے سامنے جس جذبے کے ساتھ اٹھایا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، عمران خان کو کشمیری عوام اپنا سفیر سمجھتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن