پنجاب: دھند کا راج‘ فلائٹ آپریشن معطل موٹر وے بند‘ ننکانہ میں حادثات‘ 5 زخمی
لاہور‘ اسلام آباد‘ ننکانہ صاحب (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پنجاب کے متعدد شہروں میں دھند کا راج ہو گیا۔ لاہور ائرپورٹ اور گردو نواح میں شدید دھند چھا گئی۔ جس سے ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہو گیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری لاہور سے عبدالحکیم‘ ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ‘ ملتان خانیوال موٹر وے‘ موٹر وے ایم 5 ملتان سے رحیم یار خان تک بند ہے۔ دھند والے علاقوں میں حد نگاہ 20 میٹر سے بھی کم ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شدید دھند کے باعث سوات موٹروے کرنل شیر خان سے لیکر چکدرہ تک، موٹروے ایم ون- پشاور سے صوابی تک اور ایم ٹو موٹروے اسلام آباد سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار اور نمائندہ خصوصی کے مطابق شدید دھندکے باعث ٹریفک کے مختلف حادثات میںخاتون سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گائوں چندر کوٹ سٹاپ کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل پھسلنے 26سالہ وقاص گر کر زخمی ہو گیا۔ گائوں پکا قلعہ سٹاپ کے قریب ایک موٹر سائیکل پر سوار 25سالہ رضیہ بی بی شدید زخمی ہو گئی۔ کلاک ٹاور سانگلہ ہل کے قریب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل الٹنے سے 35سالہ عمران شدید زخمی ہو گیا۔ شاداب ملز سٹاپ کے قریب 55سالہ عبدالحمید شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں شاہ کوٹ صفدرآباد روڈ پر ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر پھسل گئی جس کے نتیجہ میں 13سالہ عبداللہ گر کر شدید زخمی ہو گیا۔