• news

قصور: زیادتی کا شکار زخمی بچہ دم توڑ گیا‘ ملزم گرفتار

قصور‘ فیصل آباد (نمائندہ نوائے وقت + آن لائن) سرحدی گاؤں رسول نگر میں زیادتی کے بعد گلا کاٹنے کے واقعہ کا متاثرہ 12 سالہ بچہ وحید ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ گنڈا سنگھ نے ملزم کو گرفتارکر لیا۔ تین روز قبل وحید بانس کی فصل میں زخمی حالت میں ملا۔ جسے علاج کے لئے ریسکیو کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔ تاہم تشویش ناک حالت کے پیش نظر اسے لاہور چلڈرن ہسپتال بھیج دیا گیا۔ وحید گزشتہ روز دم توڑ گیا اور میڈیکل رپورٹ میں معلوم ہوا کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ جس پر پولیس تھانہ گنڈا سنگھ نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی اور معلوم ہوا کہ سترہ سالہ یاسین نامی لڑکے نے دو ماہ قبل بھی وحیدکو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا لیکن پولیس کیس ہونے کہ بجائے ملزم کے ورثاء نے وحید کے گھر والوں کو دے دلا کر صلح کر لی تھی۔ جس پر پولیس نے شک گزرنے پر اس سے تفتیش کی تو ملزم نے اقبال جرم کر لیا کہ اس نے پکڑے جانے کے ڈر سے اسکی گردن پر چھری چلا دی اور اسے فصل میں پھینک دیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق 316 گ ب کی رہائشی خاتون نے بتایا کہ ملزمان شکیل وغیرہ نے زبردستی اغواء کر کے اسے بے آبرو کر دیا۔ جبکہ 104 رب کے رہائشی عمران نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اوباش ملزم احمد علی اس کی ہمشیرہ کو اغواء کر کے فرار ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن