؎حکومت گرانے کیلئے آئینی طریقہ استعمال کریں یا الیکشن کا انتظار: نور الحق قادری
لاہور (ویب ڈیسک + این این آئی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ایک معروف مذہبی شخصیت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ سنت نبوی پر چلیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے راستے پر نہ چلیں۔ ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل مسالک علما بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی جانب سے مقامی مسجد میں دئیے جانیوالے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، پی ٹی آئی مذہبی امور ونگ کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عارف چشتی، مولانا سلمان شاکر، پیر سید ناظم حسین شاہ، مفتی عاشق حسین، مراد یاسین، چوہدری ارشد گجر، مولانا افضل حیدری، پیر سید حبیب عرفانی، قبلہ قاسم علی قاسمی، حافظ کاظم رضاء نقوی، مولانا ایوب خان، شکیل الرحمن ناصر، بشپ عرفان جمیل، پیر افضل سلطان قادری، ریاض سلطان، مولانا سلمان شاکر، ڈاکٹر بدر منیر، پیر اسد اللہ شاکر، عبدالرب امجد سمیت عیسائی و ہندو برادری کے اکابرین بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ علما کاکام اللہ کے دین اور حکم کی طرف راغب کرنا ہے اور یہ کام منبر سے سرانجام دیا جا سکتا ہے۔ منبر، مسجد اور محراب کو جو آزادی پاکستان میں حاصل ہے کسی ملک میں نہیں، علما کرام کو معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کرداد ادا کرنا ہو گا۔ علما منبر سے ایسے بیانات نہ دیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو، پاکستان جدید اسلامی فلاحی ملک ہے جسے ریاست مدینہ کے طرز پر بنائیں گے، پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہو ںگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کیخلاف مہم جوئی کے تانے بانے بھارت اور اسرائیل سے شروع ہوکر پاکستان پہنچتے ہیں۔ اس ملک کی حفاظت و امن خوشحالی میں پاک فوج کااہم کردار ہے، ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر فوج کو برا بھلا کہاجا رہا ہے جو سراسر غلط ہے۔ حکومت کوگرانے کیلئے آئینی طریقہ استعمال کریں یا آئندہ الیکشن کا انتظار کریں۔ اپوزیشن میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں۔ انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پی ڈی ایم والے کبھی کہتے ہیں الیکشن کمیشن ٹھیک نہیں، کبھی فلاں ادارہ ٹھیک نہیں، ہم اس سسٹم کو تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ دریں اثناء این این آئی کے مطابق سیرت اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ملک میں عریانی نہیں ہو گی لیکن انٹرٹینمنٹ ضرور ہو گا۔