• news

گیس بحران برقرار‘ حافظ آباد‘ واربرٹن میں شہری سراپا احتجاج

حافظ آباد‘ واربرٹن (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) لاہور سمیت مختلف علاقوں میں گیس کا بحران بدستور برقرار ہے۔ کہیں پریشر کم کہیں کھانا بنانے کے اوقات میں سپلائی معطل ہونے کی شکایات ہیں۔ صورتحال پر حافظ آباد اور واربرٹن میں شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر کے متعدد علاقوں میں گیس کی سپلائی بند کئے جانے کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ  جب سے سردی کا موسم شروع ہوا ہے تب سے محلہ ڈہاب والہ، اختر ٹائون، کولو روڈ، میاں دا کوٹ، بجلی محلہ، ٹیچرز کالونی، علی پور روڈ، ریلوے روڈ، گڑھی اعوان، کشمیر نگر سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں سوئی گیس کی سپلائی معطل ہے جس سے شہری حکمرانوں کو کوس رہے ہیں۔واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن میں سوئی گیس کی بندش پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ جبکہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ حکومت عوام کو خود کشی کرنے پر مجبور کر رہی ہے، اشیاء‘ بجلی‘ گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اب عوام کو سوئی گیس سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن