بھارتی کسانوں کا احتجاج، 26جنوری کو صرف ہریانہ سے ایک لاکھ ٹریکٹر دہلی لانے کا اعلان
نئی دہلی(اے پی پی)بھارتی کسان مودی سرکار کو بڑی ٹکر دینے کیلئے تیار ہیں، مظاہرین نے نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ پر صرف ہریانہ سے 1 لاکھ ٹریکٹر لانے کا اعلان کر دیا۔ نجی نیوز چینل کے مطابق بھارت میں کسانوں کی ٹریکٹروں پر 26 جنوری کو دہلی پہنچنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ہریانہ پنجاب اور راجستھان سمیت متعدد ریاستوں سے کسانوں نے 20 جنوری سے ہی ٹریکٹر مارچ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ دہلی کے باہر سنگھو بارڈر پر دھرنے میں لوگوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، کسان رہنمائوں نے متنازعہ زرعی قوانین کی واپسی تک ڈٹے رہنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے 9 دور ناکام ہو چکے ہیں۔