پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس آج‘ الیکشن کمشن کے سامنے احتجاج‘ حکمت عملی پر غور ہوگا
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) پی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں دن 12 بجے ہوگا۔ اجلاس میں کل 19 جنوری کو الیکشن کمشن کے سامنے احتجاج اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس کے سلسلے میں تمام متعلقہ ارکان کو شریک ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کل الیکشن کمشن کے سامنے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم کا آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر غور رہے گا۔ انتظامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ پی ڈی ایم لانگ مارچ کی تاریخ اور حکمت عملی پر مشاورت کرے گی۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی‘ راجہ پرویز اشرف‘ احسن اقبال اور دیگر رہنما شرکت کریں گے جبکہ صدارت مولانا فضل الرحمن کر یں گے۔ ادھر مریم نواز جاتی امراء سے اسلام آباد پہنچ گئیں۔ وہ اہم میٹنگز میں شرکت کریں گی۔ وہ کل ہونے والے الیکشن کمشن کے سامنے احتجاج سے متعلق مشاورت کریں گی۔ مریم نواز منگل کو الیکشن کمشن کے سامنے پی ڈی ایم کے احتجاج میں شرکت کریں گی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان ڈیموکریٹک موومنٹ میاں افتخارحسین نے کہا ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضہ میں لینا پاکستان کی تاریخ کا شرمناک باب ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے پوری قوم اور ملک کا سر دنیا میں شرم سے جھکا دیا ہے۔ وزراء کا ہجوم اور سلیکٹڈ وزیراعظم خود مزے لوٹ رہے ہیں۔ جعلی حکمرانوں سے چھٹکارہ پانے تک پی ڈی ایم چین سے نہیں بیٹھے گی۔