براڈشیٹ حقائق سامنے آنے لگے‘ پاکستان نے رابطہ کرلیا: سربراہ موساوی
لندن (نوائے وقت رپورٹ) براڈ شیٹ کمپنی کے سربراہ کاوے موساوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آخرکار حقائق سامنے آنے لگے۔ حکومت پاکستان نے میرے وکلاء سے رابطہ کرلیا‘ فیصلے کی اشاعت پر مجھے اعترا ض تو نہیں۔ پاکستان کے عوام اب حقائق جان جائیں گے۔ دوسری طرف براڈشیٹ نیب کیس میں ثالثی عدالت کا فیصلہ سامنے آگیا۔ کیس کے فیصلہ میں تمام ذمہ داری نیب کے غلط اقدامات پر ڈالی گئی ہے۔ براڈشیٹ نیب کیس کا فیصلہ اگست 2016ء میں سنایا گیا تھا۔ کیس کے فیصلے میں دونوں فریقین کی تفصیلات شامل ہیں۔ عدالتی فیصلہ کے مطابق نیب نے جان بوجھ کر براڈ شیٹ کو مالی نقصان پہنچانے کی سازش کی۔ نیب نے جان بوجھ کر لاپرواہی برتی جس پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ نیب نے غلط فریق کو پیسے ادا کیے جس سے اصل کمپنی کو نقصان پہنچا۔ غلط فریق کو تصفیے کے معاہدہ کے بعد 1.5 ملین ڈالرا دا کیے گئے۔ غلط فریق کے ساتھ تصفیے کا معاہدہ اکتوبر 2008ء میں کیا گیا تھا۔ معاہدے کے پیسے لندن ہائی کمیشن کے ذریعے ادا کیے گئے۔ براڈ شیٹ نیب کیس لندن کی ثالثی عدالت میں فریقوں کی مرضی سے پیش ہوا تھا۔ ثالثی فیصلے کو ہارٹ فائنل ایوارڈ کا نام دیا گیا ہے۔