اعجاز شاہ کی ملاقات ، اپوزیشن کا کام تنقید، حکمران عوامی ریلیف کو ترجیح دیں : شجاعت
لاہور (اے پی پی ) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور ایم این اے مونس الٰہی سے وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول بریگیڈیئر ر اعجاز شاہ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ بریگیڈیئر اعجاز شاہ نے چودھری شجاعت حسین کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریگیڈیئر اعجاز شاہ نے انٹراپارٹی الیکشن میں کامیابی پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد دی۔ چودھری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کام تنقید کرنا ہے، حکمران عوامی ریلیف کو ترجیح دے۔ ملکی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ عام آدمی کے حالات کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے کے لئے میگا پراجیکٹس موخر کر کے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں موثر حکمت عملی کے تحت سینٹ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ عمران خان ملکی معاملات کو احسن انداز سے آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ایم این اے مونس الٰہی نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بھارت بے نقاب ہو رہا ہے۔ مودی کا پلوامہ ڈرامہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا اور جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔ دریںاثناء پرویزالٰہی نے کہا کہ موسم ٹھنڈا ہونے کے باوجود اپوزیشن سیاسی موسم گرم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن اور ضمنی الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیاں حصہ لے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اس کیلئے عوام سمیت سب کو مل کر چلنا ہو گا۔ عوام کے حالات اسی صورت میں بہتر ہوں گے بشرطیکہ فوری اقدامات کیے جائیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے (ق) لیگ کے انٹراپارٹی الیکشن میں کامیاب ہونے والے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین، مرکزی جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں جمہوری عمل مکمل ہو گیا ہے۔ سب نے مل کر پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے کام کرنا ہے۔ بعد ازاں سابق ایم این اے میاں منیر کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بھائی میاں نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ فاتحہ خوانی کے بعد انہوں نے میاں منیر اور تمام اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی۔ اس موقع پر میاں نواز مرحوم کے بیٹے میاں ریحان، میاں رضا کے علاوہ ان کے بھائی میاں جہانگیر، میاں نذیر، میاں وحید، میاں وقار، میاں اسد منیر اور میاں عزیز بھی موجود تھے۔