کرونا: مزید 55اموات ، کرکٹر اقبال قاسم بھی متاثر، آج سے نویں تا بارہویں کلاسز شروع
اسلام آباد، لاہور (خصوصی نمائندہ+ سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 521 کیسز سامنے آئے جبکہ 55 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اموات کی تعداد 10 ہزار 963 تک پہنچ گئی۔ تاہم ایک ہزار 540 لوگ شفایاب، مجموعی تعداد 4 لاکھ 73 ہزار 639 ہوگئی ،فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 701 رہ گئے۔ صوبہ سندھ میں مزید 992 کیسز، متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 35 ہزار 576 تک پہنچ گئی۔ وبا کے باعث مزید 18 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 3 ہزار 793 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 734 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 49 ہزار 222 ہوگئی۔ مزید 22 مریض لقمہ اجل بنے، اموات 4 ہزار 409 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 343 متاثر، مجموعی متاثرین 63 ہزار 339 ہوگئے۔ مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا، تعداد ایک ہزار 779 پر جا پہنچی۔ بلوچستان میں 32 کیسز رپور، مجموعی کیسز 18 ہزار 569 ہوگئے۔ کو ئی موت نہیں ہوئی ۔ مجموعی تعداد 190پر برقرار ہے۔ اسلام آباد میں مزید 131 کیسز، متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار 19 تک جا پہنچی۔ مزید 6 مریض جاں بحق، مجموعی تعداد 456 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 23 افراد متاثر، تعداد 8 ہزار 606 ہوگئی۔ مزید 3 مریضوں کا انتقال، اموات 241 تک جا پہنچیں۔ گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، متاثرین کی تعداد 4 ہزار 882 پر برقرار ہے۔ مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی، مجموعی اموات101 پر برقرار ہے۔ کرونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے کل 34 ہزار 701 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 2 ہزار 373 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ کرونا وائرس کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی وبا قرار دیا گیا ہے اور امریکہ میں اس وائرس کے باعث اب تک دو لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ایک کروڑ 39 لاکھ سے زیادہ سے زیادہ متاثرین کے ساتھ امریکہ ہی دنیا میں اس وباء کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ انڈیا 94 لاکھ سے زائد متاثرین کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں کرونا ویکسین لگانے کی مہم جاری‘ پہلی خوراک کے بعد 52 افراد میں طبی پیچیدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ساڑھے 3 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ فرانس میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ برطانیہ میں مزید 631 افراد دم توڑ گئے۔ میکسیکو میں مسلسل دوسرے روز 20 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ سابق چیف سلیکٹر پی سی بی کے مطابق کرونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد گھر میں 1 ہفتے سے آئسولیشن میں ہوں۔ اقبال قاسم نے یہ بھی بتایا کہ دوسرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ایک دو روز میں کراؤں گا۔ ملک بھر کے تعلیمی ادارے کرونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب دو ماہ تک بند رہنے کے بعدآج سے نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کی کلاسز بحال ہو جائیں گی۔ ان سے قبل چھبیس نومبر سے چوبیس دسمبر اور پھر گیارہ سے اٹھارہ جنوری تک آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیم کا سلسلہ جاری رہا۔ پہلی سے آٹھویں اور ہائیر ایجوکیشن یکم فروری سے تعلیمی اداروں کا رخ کریں گے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے سبب چھبیس نومبر سے بند کیے گئے تعلیمی ادارے بالآخر مرحلہ وار ترتیب کے تحت آج اٹھارہ جنوری سے باقاعدہ کلاسوں میں طلبا کی موجودگی کے ساتھ تعلیمی سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔ آج پیر سے ابتدائی طور پر بورڈ کلاسز نویں سے بارہویں تک سکول و کالج کا رخ کریں گے۔ صوبائی حکومتیں اپنی پالیسی کے مطابق ایک جماعت کو مکمل طالبعلموں کی موجودگی یا ماضی کی طرح آدھی کلاس ایک روز اور باقی کے دوسرے روز کی پالیسی کے تحت تعلیمی سلسلے کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پچیس طالبعلم تک کو ایک روز کلاس کا حصہ بننے کی اجازت ہو گی اس سے زیادہ طالبعلموں کی صورت دیگر طالبعلم اگلے حصے کلاس لے پائیں گے۔ ہائیر ایجوکیشن اور کلاس نویں سے پہلے کی جماعتوں کے طالبعلم یکم فروری تک آن لائن کلاسز کو ہی جاری رکھیں گے۔ این سی او سی اور بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا انعقاد بیس جنوری کو بھی متوقع ہے۔ اجلاس میں ملک بھر میں کرونا کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی اداروں کے کھولے جانے کے متعلق فیصلے کئے جائیں گے۔ طلباء کو گروپوں میں سکول بلایا جائے گا ،کوئی بریک نہیں ہو گی جبکہ کینٹین یا ٹک شاپ بند رہیں گی، تعلیمی اداروں کے داخلی گیٹ پر طلباء اور تمام سٹاف ممبرز کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا اور ان کو ہاتھوں پر لگانے کے لیے سینیٹائزر دیا جائے گا، اسی طرح سے ماسک کے بغیر کسی کو بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ گوجرانوالہ‘ کرونا وبا کی دوسری لہر کے دوران بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج 53 دن کی بندش کے بعد دوبارہ کھل جائیں گے پہلے مرحلے میں نویں تا بارویں کلاسز میں تدریسی سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہیں۔ عمان میں کرونا پھیلاؤ کے پیش نظر پیر سے تمام زمینی بارڈر ایک ہفتے کیلئے بند کر دیئے جائیں گے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومنیک راب نے کہا ہے کہ ملک میں ہر بالغ شخص کو ستمبر تک کرونا ویکسین کی پہلی خوراک دیدی جائے گی۔ فروری کے وسط تک 15 ملین‘ موسم بہار تک 17 ملین افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ ویکسینیشن کے آغاز سے اب تک 35 ملین سے زائد افراد کو ویکسین دی چکی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آج سے برطانیہ میں ویکسین لگانے کے 10 نئے سینٹرز بھی کھولے جائیں گے۔