• news

فیصل آباد: وڈیرے کی نوکری چھوڑنے پر نوجوان پر وحشیانہ  تشدد‘ وزیراعلیٰ کا نوٹس

فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد میں وڈیرے کی ملازمت چھوڑنے پر نوجوان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو سامنے آگئی۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ میں پیش آیا ہے جہاں ملازمت چھوڑنے پر نوجوان کو جانوروں کے ساتھ زنجیروں سے باندھ دیا گیا اور تشدد بھی کیا گیا۔ ملزمان نے نوجوان کا سر بھی مونڈھ ڈالا  اور ویڈیو بناکر وائرل کردی۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے ایک ہفتے بعد پولیس نے درخواست پر 5 نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان شہزاد قریبی گاؤں میں وڈیرے اشتیاق شاکا کے پاس ملازمت کرتا تھا۔ گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد  کے تھانہ چک جھمرہ کی حدود میں نوجوان پر تشدد  کے اقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ  نے تشدد کرنے والے افراد  کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کو ہر قیمت میں انصاف  فراہم کیا جائے۔ دریں اثناء  پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ایک نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن