آسٹریلین اوپن ٹینس، کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت نکلے، ٹورنامنٹ چھوڑنے کی دھمکی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنا منٹ میں شرکت کیلئے آنے والے کھلاڑیوں کی تیسری فلائیٹ میں موجود کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مزید کھلاڑیوں کو ہوٹلز کے کمروں میں ہی قرنطینہ کرنا پڑیگا۔ دوحہ قطر سے میلبورن پہنچنے والی فلائیٹ میں موجود کھلاڑیوں اور سٹاف کو 14دن کیلئے قرنطینہ کرنا پڑیگا۔ تاہم ابھی یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ فلائیٹ میں کتنے کھلاڑی اور کوچنگ سٹاف موجود تھا ۔ برطانوی سٹار ہیتھر واٹسن اور دیگر 47کھلاڑی پہلے ہی قرنطینہ میں ہیں اور کچھ ماحول سے تنگ آچکے ہیں ۔ کم از کم تین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر قوانین میں نرمی نہ کی گئی تو وہ ٹورنا منٹ سے دستبردار بھی ہوسکتے ہیں ۔ ٹورنامنٹ منتظمین نے کہا کہ قوانین بالکل واضح تھے اور ایونٹ 8فروری سے شروع ہوگا۔ تین کھلاڑیوںکا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور ایک کا بعد میں کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد تعداد چار ہو گئی ہے۔وکٹوریہ آزرینیکا‘انجلیق کربر ‘سلونی سٹیفنز ‘کئی نشیکوری بھی کرونا متاثرین میں شامل ہیں ۔وکٹورہ ریاست کے قرنطینہ کمشنر ایما کیسار نے کہا کہ کھلاڑی لاک ڈائون قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ دوکرونا ٹیسٹ منفی آنے پر ہی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہے ۔