حکومت کا شیرازہ بکھر گیا‘ عوام کل فیصلہ لینے آ رہے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (پ ر) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کے رونے سے اندازہ ہو رہا ہے کہ اس کی جعلی ووٹ، آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چور حکومت کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ عوام کا الیکشن کمشن کو پیغام ہے کہ چوروں نے فارن فنڈنگ کیس میں اعتراف جرم کرلیا ہے، اب عوام 19 جنوری کو فیصلہ لینے آرہے ہیں۔ بھارت، اسرائیل کی فارن فنڈنگ ہے جس کی وجہ سے کشمیر کا سودا ہوگیا، معیشت تباہ ہوگئی۔ دہشت گردی واپس لوٹ رہی ہے۔ آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری ہوگئی۔ ملک کو مفلوج کردو کیونکہ فارن فنڈنگ ہوئی ہے۔ عوام کے خزانے کو ایمانداری سے اور امانت سمجھ کر استعمال کیا تو کھربوں کے منصوبے لگ گئے۔ میٹروز، یونیورسٹیاں، کالج، ہسپتال، ڈی ایچ کیوز اور بی ایچ کیوز بن گئے۔ عمران صاحب نے 14000 ارب قرض لے لیا لیکن ایک نئی اینٹ ملک میں نہیں لگائی۔ دھکے سے نہ حکومت چلائی جاسکتی ہے اور نہ ہی دھکے سے پشاور میٹرو بس چلائی جاسکتی ہے۔ اتوار کو بہارہ کہو میں جلسہ عام اور راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عثمان بزدار کی نالائقی چھپانے کے لیے جھوٹی تعریفیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک منتخب وزیراعظم نوازشریف اور ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کے پاکستان میں موازنہ سمجھنا ضروری ہے۔ عمران صاحب کے دور میں آٹا 90، چینی 120 روپے کلو عوام خریدنے پر مجبور ہیں۔ عمران صاحب کے دور میں ایک میگاواٹ نئی بجلی نہیں بنی۔ ملک میں ایک نئی اینٹ نہیں لگ سکی۔ شہباز شریف پر الزام وہ لگاتے ہیں جو لاہور سے کچرا اور گند اٹھانے کی بھی اہلیت نہیں رکھتے۔ لاہور میں گدھا گاڑی اور بیل گاڑی سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔ الیکشن کمشن سے فارن فنڈنگ کیس میں تحریری فیصلہ لے کر آئے گی۔ عوام لانگ مارچ سے اسلام آباد جائیں گے اور نالائق، نااہل، چور سلیکٹڈ سے استعفی لے کر آئے گی۔ طاہرہ اورنگزیب صاحبہ کے گھر سے تاریخی جلوس نکلے گا۔ سلیکٹڈ کی حکومت کا شیرازہ بکھر چکا ہے، ان کے رونے سے اندازہ ہورہا ہے۔ انشاء اللہ پوری کی پوری پی ٹی آئی گھر جائے گی۔