• news

پاکستان امن‘ بھارت دہشت گردی کے ساتھ ہے: گورنر

لاہور‘ منڈی بہاؤالدین (نیوز رپورٹر + نیٹ نیوز + نامہ نگار) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے منصوبے کا سنگ بنیادآج چک جھمرہ میںرکھیں گے۔'منصوبے سے 16دیہات کے57 ہزار سے زائد خاندانوںکو پینے کا صاف پانی میسر آئیگا جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے شہری علاقوں کیساتھ ساتھ دیہاتی عوام کو بھی پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ ہر صورت پورا کر یں گے۔ اتوارکے روز گورنر ہائوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر پنجاب و پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پیٹرن انچیف چوہدری محمد سرور عوام کو پینے کے صاف پانی کی  فراہمی کیلئے 161.75ملین روپے کی لاگت سے پہلے منصوبے کا سنگ بنیاد چک جھمرہ میں رکھیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی میں قومی خزانہ کے ایک ایک پیسے کا تحفظ کر یں گے اور اس کو عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہی خرچ کیا جائیگا۔ چک جھمرہ کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں اور دیہات میں بھی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایسے علاقوں کو پہلی تر جیح دیں گے جہاں زیادہ لوگ گندہ پانی پینے کی وجہ سے ہیپاٹائٹس سمیت خطرناک بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ مودی نے پلوامہ واقعہ الیکشن میں کامیابی کیلئے خود کرایا‘ ارناب گوسوامی کی لیکڈ گفتگو نے مودی کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کر دیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون پوری دنیا میں امن کیلئے خطرہ ہے۔ اقوام متحدہ کو پلوامہ واقعہ کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔ پاکستان امن اور بھارت دہشتگردی کے ساتھ ہے۔ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ منڈی بہاؤ الدین سے نامہ نگار کے مطابق منڈی بہاؤ الدین میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے نواحی گاؤں جھولانہ میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ بعدازاں گورنر پنجاب نے مقامی میرج ہال میں ڈی آئی جی اختر لالیکا کے بیٹے کی شادی میں بھی شرکت کی اور دولہا کو قیمتی قالین اور تحائف پیش کئے۔

ای پیپر-دی نیشن