• news

سخت سردی‘ بدترین گیس بحران، زندگی اجیرن‘ شہریوں کا احتجاج

لاہور‘ صفدرآباد‘ ننکانہ صاحب‘ چھانگا مانگا‘ گکھڑ منڈی (نیوز رپورٹر+ علاقائی نمائندوں سے) شدید سردی میں گیس کے بحران نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں صارفین کی زندگی اجیرن کر دی۔ اکثر علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری جبکہ گیس آنے کے اوقات میں بھی پریشر انتہائی کم رہتا ہے۔ صورتحال پر صارفین نے مختلف شہروں میں شدید احتجاج کیا ہے۔ لاہور سے نیوز رپورٹرکے مطابق سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس کی قلت میں اضافہ، شہری متبادل ذرائع ایندھن استعمال کرنے لگے ہیں جس کے باعث کوئلہ اور لکڑی کی مانگ اور قیمت بڑھ گئی ہے۔ لکڑی ایک ہزار روپے من تک فروخت کی جا رہی ہے، کوئلہ 70سے 85روپے کلو بیچا جا رہا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سپلائی نہ ہونے سے لکڑی اور کوئلہ مہنگا ہوا ہے۔ ملک میں جنگلات کی کمی کے باعث لکڑی کی رسد کم ہوتی جا رہی ہے اور اسی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صفدرآباد سے نامہ نگارکے مطابق صفدرآباد میں گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر کمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ بل ادا کرنے کے باوجود گیس نہیں ملتی جبکہ خواتین ذہنی مریض بن کر رہ گئی ہیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابق پچھلے کئی روز سے شہر بھر میں سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث خواتین خانہ کو گھروں میں کھانے پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس موقعہ پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ شدید سردی اور دھند میں غریب عوام گھروں میں دو وقت کا کھانا تیار کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ عوام مہنگے داموں ایل پی جی گیس اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگارکے مطابق شدید سرد موسم میں چھانگا مانگا میں روزانہ 12گھنٹے گیس کی بندش، دن کے اوقات میںپریشر انتہائی کم ہے۔ روزانہ رات ساڑھے سات بجے گیس غائب ہو جاتی ہے اور بارہ گھنٹے بعد صبح کے وقت آنا شروع ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہمیں سوئی گیس فراہم کرکے مساوی سلوک کیا جائے۔ چنیوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ کھانے کے اوقات میں گیس بند کر دی جاتی ہے، اگر مہیا ہو بھی تو پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ کھانا پکانا مشکل ہو جاتا ہے۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شدید سردی کے موسم میں گکھڑ اور مضافات میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے صبح سے لیکر رات ایک بجے تک گیس کا بند رہنا اور پریشر کا انتہائی کم رہنا وبال جان بن گیا ہے جبکہ مبینہ طور پر کمپریسر استعمال کرنے والوں نے بھی عام گیس صارفین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ادھر غیر قانونی طور پرگیس ری فلنگ کرنے والے دکانداروں نے بھی گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن