دم گھٹنے سے ماں،بیٹا،بیٹی جاں بحق،پنڈی ہیٹر پھٹ گیا،میاں بیوی بچہ زندہ جل گئے
منڈی بہائو الدین + راولپنڈی (نامہ نگار + این این آئی) نواحی گاؤں آلہ میں بیوہ خاتون اور دو بچے دم گھٹ جانے سے جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو نے نعشیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق منڈی بہائوالدین کے نواحی گائوں آلہ سٹیشن پر بد قسمت خاندان کے تین افراد ماں سمیت دم گھٹ جانے سے جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر محمد اشرف کی بیوہ 50 سالہ پروین، اسکی بیٹی 16 سالہ ام رباب اور 20 سالہ ذیشان کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ذیشان راستہ میں دم توڑ گیا۔ ریسکیو نے بتایا کہ شدید سردی سے بچنے کیلئے پچاس سالہ پروین کوئلہ کی انگیٹھی جلا کر کمرے میں سو گئے تھے کہ گیس بھر جانے کی وجہ سے دم گھٹ جانے سے موت واقع ہوئی۔ راولپنڈی سے آئی این پی کے مطابق بحریہ ٹائون ہائوسنگ سوسائٹی میں گیس لیکج سے گھر میں آتشزدگی کے باعث میاں بیوی اور ایک بچہ زندہ جل گئے۔ مرنے والوں کی شناخت عمر احسان، انعم عمر اور عاشر عمر کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گیس لیکج اور شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا۔ تینوں نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق واقعہ ہیٹر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔