دھند درجنوں گاڑیاں ٹکرا گئیں،3جاں بحق،موٹر ویزبند،لاہور میں فلائٹ آپریشن معطل
لاہور‘ اسلام آباد‘ ننکانہ صاحب‘ نواب شاہ‘ مظفر گڑھ (نیوز رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت + اے پی پی+ علاقائی نمائندوں سے) ملک کے اکثر میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ گزشتہ روز بھی برقرار رہا۔ لاہور سمیت دیگر شہروں میں سردی مزید بڑھ گئی جبکہ نوابشاہ میں دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں ٹکرا گئیں۔ نتیجے میں 3 افراد جاں بحق 20 زخمی ہو گئے۔ کوٹ ادو میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے باعث 6 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ دھند کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ لاہور ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہو کر رہ گیا۔ 13 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ 13 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ مظفر گڑھ / نواب شاہ سے اے پی پی کے مطابق سندھ کے علاقے نواب شاہ میں دولت پور بائی پاس پر شدید دھند کے باعث درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں 3افراد جاں بحق20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 3 کی حالت نازک تشویشناک ہے۔ دریں اثنا ریسکیو ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں کوٹ ادو احسان پور روڈ پر مسافر بس اور گنے سے لوڈڈ ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں بس کے 6 مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے سبب حد نگاہ نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ موٹروے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج پیر کے روز پنجاب میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگارکے مطابق شہر اور گردونواح میں شدید سردی اور دھند کا راج رہا، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ اسلام آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے فوگ رپورٹ جاری کردی ہے۔ شدید دھند کے باعث لاہور، پشاور، اسلام آباد، سوات موٹروے جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔ موٹروے 2 M--لاہور سے لے کر بلکسر تک موٹروے M1-- پشاور سے لے کر صوابی تک‘ موٹروے 2 M--لاہور سے لے کر اسلام آباد تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہے۔