• news

گوشوارے جمع نہ کرانے پر 3وزراء ، 3سینیٹرز، 148ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 48، پنجاب اسمبلی کے 52 ارکان سمیت 154 ارکان کی جانب سے  اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے کی بنیاد پر رکنیت معطل کر دی ہے۔ ارکان کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے تک وہ ایوان کی کارروائی یا قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق قومی و صو بائی اسمبلیوں اور سینٹ کے تمام ارکان کیلئے انتخابی قانون 2017 کے تحت لازم ہے کہ وہ ہر سال کے اختتام پر 31 دسمبر تک اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے جمع کرائیں۔ 15 جنوری کے بعد ایسے ارکان کو متعلقہ اسمبلیوں اور ان کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کی کارروائی میں شرکت سے روک دیا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹ کے تین ارکان مصدق مسعود ملک، کامران مائیکل، شمیم آفریدی کی جانب سے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر ان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے 48ارکان کو کام سے روکا گیا ہے ان میں وفاقی وزرا فواد احمد، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سید علی حیدر زیدی شامل ہیں۔ دیگر ارکان میں مجاہد علی، فضل محمد خان، ناصر خان، شاہد احمد، محسن جاوید، عبدالشکور، علی نواز اعوان، مہناز اکبر عزیز، چوہدری شوکت علی بھٹی، نواب شیر وسیر، محمد ریاض، روحیل اصغر، سعد وسیم، محمد معین وٹو، چوہدری محمد اشرف، عبدالرحمن کانجو، عالم داد لالیکا، نورالحسن تنویر، میاں نجیب الدین اویسی، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، جاوید اقبال، محمد شبیر علی، مخدوم زادہ سید باسط سلطان، سردار محمد خان لغاری، عابد حسین، محمد اکرم، عامر حسین، عطاء اللہ، محمد اسلم خان، خالد مقبول صدیقی، محمدا سرار ترین، میر خان محمد جمالی، عصمت اللہ، شازہ فاطمہ خواجہ، کرن عمران ڈار، شہناز سلیم ملک، مائزہ حمید، فوزیہ بہرام، شمیم آرا، نورین فاروق خان، شاندانہ گلزار، منورہ بی بی، جے پرکاش، جمشید تھامس اور جیمز اقبال شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے ارکان میں چوہدری نثارعلی خان، ملک محمد احمد خان، محمد یار ہراج، سردار اویس احمد خان لغاری سمیت 52 ارکان شامل ہیں۔ سندھ اسمبلی کے 19، خیبرپی کے اسمبلی کے 26 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کرانے پر ان کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن