• news

جوبائیڈن کل حلف اٹھائیں گے، ٹرمپ حامیوں کے مظاہرے: نائب صدر پنس کو قتل کی دھمکیاں 

واشنگٹن+اسلام آباد (این این آئی+نیٹ نیوز +سپیشل رپورٹ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے ملکی سطح پر اپنی ریلیوں اور مظاہروںکا آغاز کر دیا ہے تاہم ابھی تک کسی پرتشدد واقعے کی خبر نہیں ۔ اس دوران بائیڈن کی حلف برداری تقریب سے قبل کیپٹل ہل کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا میں حکام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ممکنہ پرتشدد مظاہروں کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں حکومتی اداروں کی عمارتوں کے تحفظ کے لیے پولیس اور نیشنل گارڈز کے مزید دستوں کو تعینات کر دیا ہے۔ اس دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ریلیوں کی اطلاعات ہیں۔ قانون نافذ کر نے والے وفاقی اور ریاستی اداروں نے متنبہ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ریاستی اسمبلیوں کے آس پاس ممکنہ پرتشدد کارروائیوں کا خدشہ ہے۔نیٹ نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ کے حامیوں اور کچھ انتہا پسندوں نے امریکی نائب صدر مائیک پنس کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب صدر کو دھمکیاں نومنتخب صدر جوبائیڈن کی انتخاب میں فتح کی توثیق کرنے پر دی جارہی ہیں۔ امریکہ کے نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں تکمیل کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ لیڈی گاگا امریکی ترانہ پیش کریں گی۔ اینڈگورسین نظم پڑھ کر سنائیں گی اور اداکارہ جینیفر لوپاز گانا سنائیں گی۔ حلف اٹھانے کے بعد صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیریس ایک 90  منٹ کے ٹاک شو میں بھی شرکت کریں گے۔ ادھر ٹرمپ کے حامیوں اور بعض انتہا پسندوں نے نائب امریکی صدر مائیک پنس کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن