منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے بلدیاتی نظام سے گراس روٹ لیول پر ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ بلدیات سے ترقی کا ثمر لوگوں کی دہلیز تک پہنچے گا۔ لوکل گورنمنٹ کے مضبوط نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پرحل ہوں گے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے ذریعے عوام کونچلی سطح پر حقیقی نمائندگی میسر ہو گی۔ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے مثالی سسٹم لانا چاہتے ہیں۔ عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ضلع کیلئے الگ ترقیاتی پیکیج دیا جائے گا اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن کی بہترین سہولیات ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت پر توجہ دی جارہی ہے۔ ترقی کا حقیقی مفہوم عوام کے مسائل کا بروقت حل ہے۔ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے والا نظام ضروری ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی جس میں کرونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ زندہ قومیں آزمائش میں ہی بہتر راستے نکالتی ہیں۔ عوام کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ شہریوں کواپنی ذمہ داری فرض سمجھ کر نبھانی چاہیے۔ لاہور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے۔ عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن کا ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کرچکا ہے۔ منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے۔ کرپٹ ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ نے پروٹوکول افسر مبشر جاوید کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔