• news

صدر علوی سے نیول چیف کی ملاقات ،بحریہ کے بارے میں بریفنگ دی 

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد اجمل خان نیازی سے گذشتہ روز ایوان صدر میں صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی دفاع اور پاک بحریہ کو دفاعی لحاظ سے مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ بحریہ کے سربراہ نے صدر کو بحریہ کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ویت نام کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ویتنامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اچھے کاروباری ماحول سے فائدہ اٹھا کر یہاں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ صدر گذشتہ روز پاکستان سے سبکدوش ہونے والے ویت نام کے سفیر فیم بوانگ کم سے بات چیت کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ویت نام کے شہریوں کیلئے ای ویزا اور پاکستان آمد پر ویزہ کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے بھی ہونا چاہیے۔ اس سے تعاون کو فروغ ملے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ویت نام کی تیز رفتار ترقی کو سراہتا ہے۔ پاکستان آسیان کیساتھ فل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کیلئے ویت نام کے تعاون کی تعریف کرتا ہے۔ صدر نے سبک دوش ہونیوالی ویت نامی سفیر کی پاک ویت نام تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہا ۔

ای پیپر-دی نیشن