پی ڈی ایم کو پہلی مرتبہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت ،مدارس کے بچے آئے تو کاروائی ہوگی: شیخ رشید
اسلام آباد (نیوزرپورٹر+ خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس میں 40 ہزار لوگوں کا ڈیٹا دیدیا۔ اپوزیشن 4 ہزار کا ڈیٹا جمع نہیں کرا سکے گی۔ مولانا فضل الرحمان خود پھنسنے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اپوزیشن پر الٹا پڑنے جا رہا ہے۔ انہوں نے براڈ شیٹ کو پاناما کیس پارٹ ٹو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب ایکسپوز ہو گئے۔ بالآخر اب انہوں نے پھنس جانا ہے۔ انہیں حلوہ شیخ رشید ہی کھلائے گا۔ وزیر داخلہ نے اپوزیشن رہنماؤں کو الیکشن کمشن کے سامنے احتجاج کے معاملے پر تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دے رہے ہیں۔ کوئی رکاوٹ کوئی کنٹینر نظر نہیں آئیگا۔ امید ہے کہ قانون کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔ ہم مانیٹر کریں گے کہ مدارس کے طلبہ احتجاج میں شریک نہ ہوں۔ اگر ایسا ہوا تو قانونی کارروائی ہوگی۔ شیخ رشید نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ویزا آن لائن کرکے کرپشن کو ختم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے پاسپورٹ کا فیصلہ 16 فروری کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیں گے، تاہم الیکشن کمشن آئینی ادارہ ہے، اسے ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اپوزیشن یاد رکھے کہ اسلام آباد میں سپریم کورٹ اور وزیراعظم ہاؤس بھی ہے۔ ہم حفاظتی اقدامات ضرور کریں گے۔ ہم امید کرتے ہیں پی ڈی ایم ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 15 دسمبر سے ہائی الرٹ ہے۔ تاہم ہائی الرٹ کا بتا کر کسی کو ڈرا نہیں رہا۔ پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیں گے۔ کوئی رکاوٹ اورکینٹینر نظر نہیں آئیں گے۔ تاہم اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون اس کو ہاتھ میں لے گا۔ وفا کروگے وفا کریں گے جفا کرو گے جفا کریں گے۔ جبکہ احتجاج میں انصار الاسلام کے طلبہ اور مدرسوں کے بچے لائے گئے تو قانون حرکت میں آئے گا۔ فضل الرحمان کو اس سیاست سے کچھ نہیں ملنا جبکہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے بھی پیچھے ہٹنا ہے۔ پی ڈی ایم تنزلی کا شکار ہے اور یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے۔ تاہم جس اسمبلی پر انہوں نے لعنت بھیجی اس کا ضمنی الیکشن فضل الرحمن کا امیدوار لڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی الیکشن کمشن میں حاصل ہونے والے فنڈز کی معلومات فراہم کر دیتے ہیں تو آدھا مسئلہ حل ہو جاتا۔ براڈ شیٹ کا ایک ایک صفحہ عوام کے سامنے لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کو احتجاج میں لائے تو کارروائی ہو گی۔ ختم نبوت قانون میں مسلم لیگ (ن) کی پارٹی ترمیم لائی اور مولانا فضل الرحمان نے ووٹ ڈالا لیکن میں نے خبردار کیا کہ یہ قانون یہاں سے پاس نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نامنظور سے متعلق ایک نہیں دو ریلیاں نکالیں۔ کوئی اسرائیل کو منظور نہیں کر رہا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس میں 40 ہزار افراد کا ڈیٹا دیدیا۔ پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت دی جا رہی ہے بڑے شوق سے آئیں۔ میں ڈرا نہیں رہا لیکن سات مرتبہ ہائی الرٹ جاری ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی 4 ہزار افراد کا ڈیٹا بھی نہیں دے سکتی۔ پی ڈی ایم تنزلی کا شکار ہے۔ ان کو اپنی فائلیں دینی ہوں گی۔ جس اسمبلی پر لعنت بھیجی اس کا ضمنی الیکشن فضل الرحمن کا امیدوار لڑ رہا ہے۔ اگر مدارس کے بچے لائے گئے تو قانون حرکت میں آئے گا چاہے کچھ دن بعد ہو۔ براڈ شیپ پاناما ٹو ہے۔ سب بے نقاب ہو چکے ہیں۔ آپ نے پھنس جانا ہے۔ حلوہ شیخ رشید ہی کھلائے گا۔ مدرسے سے کوئی بچہ احتجاج میں شامل نہیں ہونا چاہئے۔ نواز شریف کے پاسپورٹ کا فیصلہ 16 فروری کو ہوگا۔ امید کرتے ہیں پی ڈی ایم ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی۔ ویزا آن لائن کرکے کرپشن ختم کریں گے۔ علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ الیکشن کمیشن کے دفتر کے چاروں طرف خاردار تاریں لگادیں گئیں جبکہ ہنگامی طور پر دفتر کے عقبی حصہ میں نیا گیٹ تعمیر کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم کی احتجاجی ریلی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد الیکشن کمشن کے دفتر کا جائزہ لیا اور سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی، ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت ہوگی۔ کسی کو الیکشن کمشن کی پارکنگ میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ممبران اور دیگر افسران و سٹاف کے آنے کے لیے متبادل راستے کا جائزہ لیا۔مزید براں گرینڈ ہیلتھ آلائنس کے چیئرمین ڈاکٹر اسفندیار نے وفد کے ہمراہ وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایم ٹی آئی آرڈیننس کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وفد نے مقامی ایم این ایز کے ساتھ ہونے والے ترمیم ڈرافٹ کی کاپی وزارت کو فراہم کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کی اپنے کردار ادا کرنے یقین دہانی کرائی۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ میں وزیراعظم سے بھی اس معاملے پر بات کروں گا۔ وزیر داخلہ نے ایم ٹی آئی آرڈیننس کے حوالے سے بدھ تک جواب دینے کی یقین دہانی کروا دی۔