اپوزیشن رکن کی شرجیل میمن سے تلخ کلامی‘ سندھ اسمبلی مچھلی منڈی: اجلاس ملتوی
کراچی (وقائع نگار) سندھ اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں وقفہ سوالات کے بعد توجہ دلاؤ نوٹس نے ایون کو مچھلی بازار بنا دیا۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر ارسلان تاج نے نیب سے پلی بارگیننگ کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی پر توجہ دلائی۔ پینل آف دی چیئرمین شرجیل انعام میمن نے ارسلان تاج کو تقریر سے روک دیا اور مائیک بند کردیا جس پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ کے جوابی وار نے ایوان کے سیاسی پارے کو مزید بلند کردیا۔ ہنگامہ جب طول پکڑنے لگا تو پینل آف دی چیئرمین شرجیل میمن نے اجلاس آئندہ پیر تک ملتوی کردیا۔ اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا اجلاس میں ہمیں بولنے نہیں دیا۔ ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ نیب سے پلی بارگننگ کرنے والے افسر وزیراعلی سندھ کے فرنٹ مین ہیں۔