جوبائیڈن ، کملا ہیرس آج اٹھائیں گے واشنگٹن کا ریڈ زون چھائونی میں تبدیل
واشنگٹن‘ رحیم یار خان (این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ احسان الحق سے) نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب کملا ہیرس آج حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف برداری سے پہلے واشنگٹن ڈی سی کا ریڈ زون فوجی چھائونی میں تبدیل ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دارالحکومت کے ریڈ زون میں رکاوٹیں، خاردار تاریں اور نیشنل گارڈز بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔ جبکہ سڑکیں سنسان ہیں۔ امریکا کی بعض ریاستوں میں ٹرمپ کے حامی سڑکوں پر نکلے، تاہم سکیورٹی اہل کاروں کی تعداد مظاہرین سے کہیں زیادہ تھی۔ ادھر امریکی قائم مقام وزیر دفاع کرسٹوفر ملر نے کہا ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کے حملے کا خدشہ نہیں۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرسٹوفر ملر نے کہا کہ کوئی خفیہ اطلاعات نہیں کہ جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے حملے کا خدشہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پر تعینات تمام 25 ہزار نیشنل گارڈز کی سکریننگ ہورہی ہے۔ جو بائیڈن آج امریکہ کے46ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے اور امریکن صدور کی 232 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری ملک بھر میں کئے گئے سخت حفاظتی انتظامات کے زیر سایہ ہو گی جبکہ آج تک کوئی خاتون امریکی صدر کی حیثیت سے منتخب نہیں ہو سکیں۔ امریکہ کے اب تک منتخب ہونے والے صدور میں فرینکلن ڈی روز ویلٹ کو چار مرتبہ امریکی صدر رہنے کا اعزاز شامل ہے۔ جبکہ 20صدور کو دو، دو مرتبہ امریکی صدر کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دینے کا موقع ملا ہے۔ جن میں پہلے امریکی صدر جارج واشنگٹن، تھامس جیفرسن، جیمس میڈیسن، جیمس منوری، اینڈریو جیکسن، ابراہام لنکن، یولائسس ایس گرانٹ، گروورکلیو لینڈ، ولیم مک کینلے، تھیو ڈور روز ویلٹ، ووڈ رو ولسن، کیلون کولیڈگی، ہیری ایس ٹرو مین، ڈی ویجٹ ڈی ایلسن ہوور، لیڈن بی جولسن، رچرڈ نکسن، رونالڈ ریگن، بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش جونیئر اور بارک اوباما شامل ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے قبل تین امریکی صدور کو دو، دو مرتبہ صدر رہنے کا اعزاز تھا۔ لیکن ٹرمپ حیران کن طور پر دوسری مرتبہ صدر منتخب نہیں ہو سکے۔ امریکی صدور کی تاریخ میں باپ بیٹوں کو امریکی صدر رہنے کا بھی اعزاز حاصل ہے جن میں جارج بش اور جارج بش جونیئر اور جان ایڈمز اور انکے بیٹے جان کوائنسی ایڈمز شامل ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ کا آج وائٹ ہاؤس میں آخری دن ہے۔ میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کے دور حکومت میں پاک امریکہ تعلقات بہتر اور مضبوط ہو سکتے ہیں ۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ مدت صدارت ختم ہونے سے پہلے تقریباً 100 افراد کیلئے معافی کا اختیار استعمال کریں گے۔ ٹرمپ اپنے ذاتی وکیل اور قریبی ساتھیوں سمیت دیگر افراد کو معافی دے سکتے ہیں ۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے اپنے خاندان کے افراد کو بھی معافی دینے کا امکان ہے۔ ٹرمپ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے۔ اور تقریب حلف برداری کی صبح میری لینڈ سے فلوریڈا کے پام بیچ ریزورٹ چلے جائیں گے۔ ادھر امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے الوداعی پیغام میں تشدد کی مذمت کرتے قوم سے متحد رہنے کی اپیل کی اور کہا قوم میں اتحاد ضروری ہے۔