پی ڈی ایم ٹولے کا عوامی مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں ، منفی سیاست دفن ہوچکی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کمشنر آفس میں صوبائی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور ٹکٹ ہولڈرز کا 3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کرنیوالے دشمن کا ایجنڈا پورا کررہے ہیں۔ پی ڈی ایم ٹولے کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں۔ مسترد شدہ عناصر صرف ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہوچکی۔ تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔ ترقی کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیںگے۔ مشاورت سے ڈویلپمنٹ پلان بنا کرجلد عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ لاہور، چکوال، راجن پور کے بعد دیگر اضلاع کے ڈویلپمنٹ پلان پر کام جاری ہے۔ دورہ کرنے کا مقصد عوام کے مسائل سے آگاہی اور ارکان اسمبلی سے مشاورت ہے۔ ہر ضلع میں جاکر ڈویلپمنٹ سمیت تمام امور کا خود جائزہ لوں گا۔ انتظامیہ اور ارکان اسمبلی کے درمیان مثالی اشتراک کار اہم امر ہے۔ عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ اور رکن پنجاب اسمبلی سید محمد سبطین رضا نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔ وسائل کارخ نظر انداز شہروں کی جانب موڑا ہے۔ سابق دور کی طرح صرف مخصوص شہروں کو ترقیاتی فنڈز نہیں دیئے۔ ہر شہر کی یکساں ترقی کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے۔ اپوزیشن نے کھوکھلے نعرے لگا کر سب کو مایوس کیا۔ نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ پی ڈی ایم نے قوم کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ یہ عناصر ذاتی مفادات کی خاطرپاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا۔ ماضی میں من پسند علاقوں پروسائل صرف نہ کیے جاتے تو آج جنوبی پنجاب ترقی یافتہ ہوتا۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے۔ ایک بیان میںعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا بے مقصد احتجاج بے وقت کی راگنی ہے۔ احتجاجی عناصرترقی کاسفر روکنے کے درپے ہیں۔ پی ڈی ایم والے عوام میں بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں ۔ مسترد شدہ عناصر کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔ ان عناصر کی قسمت میں صرف رونا ہی لکھا ہے ۔ یہ روتے رہیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔